سابق سری لنکن کرکٹر میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار

الزامات ثابت ہونے پر سینا نائیکے کو 10 سال قید اور تین لاکھ ڈالر کے مساوی جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں

فوٹو:فائل

سابق سری لنکن کرکٹر سچترا سینا نائیکے کو پولیس نے میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق سابق سری لنکن اسپنر سچترا سینا نائیکے کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، ان پر لنکا پریمیئر لیگ میں دو کھلاڑیوں سے میچ فکسنگ کے لیے رابطہ کرنے کا الزام ہے۔

پولیس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ 38 سالہ کرکٹر کو اسپورٹس سے جڑے جرائم کی تحقیقات کرنے والے یونٹ نے حراست میں لیا ہے اوران کی گرفتاری کرکٹ میں کرپشن کی روک تھام کے قانون کے تحت عمل میں آئی ہے۔


اگرچہ سابق کرکٹر کے خلاف باضابطہ طور پر الزامات عائد نہیں کیے گئے تاہم پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ سینانائیکے کو 2020 میں لنکا پریمیئر لیگ کے ایڈیشن کے دوران دو کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔

گذشتہ ماہ میچ فکسنگ کے الزامات کی تحقیقات کےدوران عدالتی حکم پر سچترا سینا نائیکے کا پاسپورٹ بھی ضبط کرلیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سچترا سینا نائیکے 2019 میں میچ فکسنگ کی روک تھام کے لیے بنائے گئے قانون کے تحت گرفتار کیے جانے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔

میچ فکسنگ کے الزامات ثابت ہونے پر سینا نائیکے کو زیادہ سے زیادہ 10 سال قید اور تین لاکھ ڈالر کے مساوی جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔
Load Next Story