مالی فوجی اڈّے اور مسافر کشتی پر حملے میں 49 شہری اور15 فوجی ہلاک

حملے کی ذمہ داری اسپورٹ گروپ فار اسلام اینڈ مسلمز نے قبول کی

مالی میں فوجی اڈے اور مسافر کشتی پر حملے کی ذمہ داری اسپورٹ گروپ فار اسلام اینڈ مسلمز نے قبول کی، فوٹو: فائل

مالی میں دریائے نائجر کے نزدیک فوجی اڈے اور ایک مسافر بردار کشتی پر حملے میں مجموعی طور پر 64 افراد ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مالی میں دریائے نائجر پر دو الگ الگ حملوں میں شدت پسندوں نے ایک فوجی اڈے پر دھاوا بول دیا جب کہ دریا کے مخالف کناروں پر آباد شہروں تک مسافروں کو لے جانے والی کشتی پر چار راکٹ داغے گئے۔

راکٹ لگنے سے مسافر بردار کشتی تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں 50 کے قریب شہری مارے گئے۔ فوجی اڈے پر حملے میں 15 اہلکار ہلاک ہوئے اور متعدد زخمی ہیں۔


ان حملوں کی ذمہ داری القاعدہ سے منسلک شدت پسند جماعت اسپورٹ گروپ فار اسلام اینڈ مسلمز نے قبول کی۔ جس نے گزشتہ ماہ تاریخی شہر ٹمبکٹو کی ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ مالی 2012 سے شورش زدہ ہے جہاں 2015 میں جنگجوؤں اور حکومت کے درمیان امن معاہدہ بھی طے پاگیا تھا تاہم 2020 میں جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار میں آنے والی فوجی جنتا نے معاہدے کی پاسداری نہ کی۔ جس پر ایک بار پھر مالی میں جھڑپیں عروج پر ہیں۔

 
Load Next Story