راولپنڈی مبینہ پولیس مقابلے میں تین ڈاکو ہلاک کانسٹیبل شہید

فائرنگ کے تبادلے کے دوران شہزاد عادل اور عاشر نامی دو کانسٹیبل شدید زخمی ہوئے

فوٹو : فائل

تھانہ روات کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں فائرنگ کے دوران تین ڈاکو ہلاک جبکہ فرض کی راہ میں جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔

پولیس ٹیم دھمیال سے موبائل فون سنیچنگ کی واردات کے بعد فون کو ٹریک کرتے ہوئے ملزمان کے تعاقب میں تھی۔

حکام کے مطابق تھانہ دھمیال کے علاقے میں شہری سے بیش قیمت آئی فون و دیگر اشیاء چھیننے جانے کی اطلاع پر پولیس ٹیم فون کو ٹریک کرتے ہوئے تھانہ روات کے علاقے میں واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 8 میں پلازے تک پہنچی اور ملزمان کی پلازے میں موجودگی پر ایس ایچ او تھانہ روات حامد کاظمی و پولیس ٹیم کے ساتھ چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔

فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکو جن میں ایک موقع پر اور دوسرے دو زخمی ہونے کے بعد فرار ہوتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے جبکہ فرض کی ادائیگی کے دوران جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے دھمیال پولیس کے کانسٹیبل عدیل ظفر نے جام شہادت نوش کیا۔

شہزاد عادل اور عاشر نامی دو کانسٹیبل شدید زخمی ہوئے، اطلاع ملتے ہی ایس پی صدر نبیل کھوکھر بھاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ شہید و زخمی ہونے والے پولیس جوانوں کو اسپتال منتقل کرکے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔


ایس پی صدر نبیل کھوکھر کا کہنا تھا کہ ملزمان موبائل فون سنیچنگ کی واردات کرکے فرار ہوئے، پولیس نے ٹریک کرتے ہوئے انکے تعاقب میں پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی اور پولیس نے بھی کراس فائرنگ کی۔

ایس پی صدر کا مزید کہنا تھا کہ فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والا جوان پنجاب پولیس کا ہیرو و سرمایہ ہے، شہید و زخمیوں اور ہلاک ہونے والے ملزمان کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی شناخت کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

آر پی او راولپنڈی سید خرم علی، سی پی او سید خالد ہمدانی اسپتال پہنچے اور اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز فیصل سلیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پولیس افسران نے زخمی کانسٹیبلز کی عیادت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، اور اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کے بہترین علاج معالجہ کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔

آر پی او راولپنڈی سید خرم علی اور سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل عدیل ظفر شہید اور کانسٹیبل عاشر اور عادل نے ہمت و بہادری سے لڑتے ہوئے ڈاکوؤں کا مقابلہ کیا، شہداء اور غازی ہمارے محسن اور ہمارا فخر ہیں۔ شہید کانسٹیبل عدیل ظفر نے فرض کی راہ میں اپنی جان قربان کی۔

راولپنڈی پولیس جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کے دوران کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
Load Next Story