عابد شیر علی کا دماغی توازن درست نہیں صوبائی وزیر صنعت

عابد شیر علی نے بغیرسوچے سمجھے بجلی چور کہہ کر عزت پامال کی، وزیراعظم اور وزیراعلی سے شکایت کروں گا،چوہدری شفیق

صوبائی کابینہ کا رکن ہوں، عابد شیر علی کو الزام لگانے سے پہلے رابطہ کرنا چاہیئے تھا۔ فوٹو؛ فائل

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کی جانب سے صوبائی وزیر صنعت چوہدری شفیق پر الزامات کے بعد دونوں کے درمیان ٹھن گئی جبکہ چوہدری شفیق نے انہیں دماغی مریض قرار دے دیا۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق عابد شیر علی نے ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر صنعت پنجاب چوہدری شفیق پر ایس ای اور ایس ڈی او کو دھمکیاں دینے کا الزام لگایا گیا جس کے بعد ایکسپریس نیوزسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر صنعت پنجاب کا کہنا تھا کہ عابد شیر علی کا دماغی توازن خراب ہوگیا ہے، وہ چور سرکاری ملازمین کو تحفظ دینے کے لئے ان پر الزام لگا رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ صادق آباد کے ایس ڈی او ثنا اللہ لنگا تاجروں اورعوام کا خون چوس رہے ہیں جن کے خلاف بات کی لیکن عابد شیر علی نے بغیرسوچے سمجھے انہیں بجلی چوری میں ملوث قرار دے دیا۔


چوہدری شفیق کا کہنا تھا کہ وہ صوبائی کابینہ کے رکن ہیں اور الزام لگانے سے پہلے انہیں رابطہ کرنا چاہیئے تھا تاہم ان سے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن وہ فون ریسیو نہیں کر رہے، انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی کے خلاف وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے شکایت کروں گا۔

Load Next Story