امریکا میں خطرناک قاتل تاحال مفرور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت
عوام سے مطالبہ ہے کہ ڈینیلو جہاں بھی نظر آئے فوراً 911 پر کال کریں اور اس سے رابطے میں نہ آئیں، پولیس
امریکی ریاست پنسلوانیا کے سیکورٹی حکام نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ ریاست کے جنوبی مشرقی حصے میں ایک فرار ہونے والا قاتل جو تقریباً دو ہفتوں سے گرفتاری سے بچ رہا ہے مسلح ہے لہٰذا رہائشی گھروں کے اندر رہیں اور اپنی گاڑیوں کو لاک رکھیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق پنسلوانیا اسٹیٹ پولیس نے X پر پوسٹ کیا کہ پولیس ساؤتھ کوونٹری ٹاؤن شپ میں ڈینیلو سوزا کیوالکانٹے کا تعاقب کر رہی ہے۔ عوام سے مطالبہ ہے کہ ڈینیلو جہاں بھی نظر آئے، فوراً 911 پر کال کریں اور اس سے رابطے میں نہ آئیں۔
علاقے کے تمام اسکول اور دفاتر کو دن بھر کے لیے بند کرنے اور دوسرے علاقے میں طلباء کو گھروں کے اندر رکھنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ پولیس نے سرچ ایریا میں سڑکیں بند کروادیں جبکہ روڈ بلاک کرکے قانون نافذ کرنے والے افسران علاقے سے نکلنے والی تمام گاڑیوں کو روک کر چیک کررہے ہیں۔
دوسری جانب ریاستی اور وفاقی حکام نے اس بات کا اعتراف کیا کہ سیکورٹی اداروں نے ڈینیلو کو پکڑنے کا موقع ضائع کر دیا تاہم اسے جلد سے جلد پکڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔