بھارتی پنجاب پاکستانی ناظم الاموراورزائرین کی حضرت مجدد الف ثانیؒ  کے عرس میں شرکت

پاکستان سے 127 زائرین نے عرس میں شرکت کی اور ناظم الامور کے ہمراہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلیے خصوصی دعا کی

پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور اعزاز خان حضرت مجدد الف ثانیؒ کے مزار پر فاتحہ خوانی کررہے ہیں، ( فوٹو: ایکسپریس )

بھارتی پنجاب کے ضلع فتح گڑھ صاحب کے قصبے سرہند شریف میں حضرت مجدد الف ثانی رحمة اللہ علیہ کے 410 ویں سالانہ عرس میں 127 پاکستانی زائرین نے شرکت کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور اعزاز خان نے 16 ویں صدی کے عظیم اسلامی سکالر حضرت مجدد الف ثانیؒ کے مزار پر حاضری دی۔

ناظم الامور اور زائرین نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے مزار پر روایتی چادر چڑھائی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔


ناظم الامور نے زائرین کے دورہ میں سہولت فراہم کرنے پر سجادہ نشین خلیفہ سید محمد صادق رضا اور مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے حضرت مجدد الف ثانی رحمتہ اللہ علیہ کی اسلام کیلیے خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

واضح رہے کہ ہر سال پاکستانی زائرین 1974ءکے مذہبی مقامات کے دوروں سے متعلق پاکستان ۔ انڈیا پروٹوکول کے فریم ورک کے تحت حضرت مجدد الف ثانیؒ کے سالانہ عرس مبارک میں شرکت کرتے ہیں۔

 
Load Next Story