انضمام 1 ماہ میں 2 بار مستعفی ہونے کی دھمکی دے چکے

روٹھنے منانے سے تنگ حکام نے مصباح یا ندیم کو ذمہ داری سونپنے پر بھی غور کیا

پھر معاملات طے ،20لاکھ روپے ماہانہ سے زائد کی تنخواہ،تین سالہ معاہدہ مل چکا۔ فوٹو: ایکسپریس ویب

چیف سلیکٹر انضمام الحق کی جانب سے ایک ماہ میں 2 بار مستعفی ہونے کی دھمکی کا انکشاف ہوا ہے۔

پی سی بی نے 7 اگست کو انضمام الحق کو چیف سلیکٹر کی ذمہ داری سونپی تھی،اس کے بعد 2ایسے مواقع آئے جب سابق کپتان نے عہدہ چھوڑنے کی دھمکی دی، افغانستان سے سیریز اور ایشیا کپ کیلیے اسکواڈ منتخب ہونے کے بعد بھی انھیں معاہدہ نہیں دیا گیا تھا،اس پر مایوس ہو کر انھوں نے مستعفی ہونے کا ارادہ ظاہر کیا مگر پھر مینجمنٹ کمیٹی چیف ذکا اشرف سے ملاقات میں معاملات طے ہو گئے۔

انضمام نے تین سالہ معاہدے کے ساتھ بھاری معاوضہ بھی طلب کیا،20لاکھ روپے سے زائد ماہانہ رقم دینے کے ساتھ کنٹریکٹ کی مدت پر مینجمنٹ کمیٹی سے اسٹیمپ لگوا لی گئی، حالیہ ایشیا کپ کے لاہور میں میچز کے دوران انضمام ایک بار پھر روٹھ گئے، انھوں نے لیگز کیلیے کھلاڑیوں کو این او سی دینے میں مکمل اختیارات مانگ لیے تھے۔


یہ بھی پڑھیں: انضمام الحق کو 3 سالہ معاہدہ دینے کی منظوری

انضمام کے ایجنٹ بابر اعظم اور محمد رضوان سمیت کئی قومی کرکٹرز کی بھی نمائندگی کرتے ہیں۔ مفادات کے ٹکراؤ سے بچنے کیلیے بورڈ این او سی کا مکمل اختیار چیف سلیکٹر کو سونپنے کے حق میں نہیں تھا، اس پر انھوں نے مستعفی ہونے کی دھمکی دی۔

بورڈ حکام نے بار بار کے مطالبات سے تنگ آ کر مصباح الحق یا ندیم خان کو بھی چیف سلیکٹر بنانے پر غور کیا مگر پھر تنازع سے بچنے کیلیے انضمام کو منانے پر اتفاق ہو گیا،اس کے بعد سے تعلقات ٹھیک چل رہے ہیں،البتہ مفادات کے ٹکراؤ اور انا کی وجہ سے آگے بھی معاملات میں تناؤ آ سکتا ہے۔
Load Next Story