جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے عہدے کا حلف لیا

فوٹو : ایکسپریس نیوز

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 29 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال رات بارہ بجتے ہی چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے سے ریٹائر ہوگئے جس کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آج نئے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کی تقریبِ حلف برداری دن 11 بجے ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نو منتخب چیف جسٹس جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں نگراں وزیر اعظم، کابینہ اراکین، سروسز چیفس، ججز اور وکلا سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

مزید پڑھیں: چیف جسٹس عمر عطا بندیال الوداعی خطاب میں آبدیدہ، خود کو ڈوبتا سورج قرار دے دیا


چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ جوڈیشل کمیشن کے سربراہ بھی بن گئے۔ جوڈیشل کمیشن کے ذریعے اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتیاں ہوتی ہیں اور سپریم کورٹ میں اس وقت دو جج صاحبان کی آسامیاں خالی ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین بھی بن گئے۔ سپریم جوڈیشل کونسل اعلیٰ عدلیہ کے ججز کیخلاف شکایات سننے کا فورم ہے۔

گزشتہ روز، جسٹس عمر عطا بندیال نے سپریم کورٹ کے ملازمین اور افسران سے جذباتی خطاب کیا اور خود کو ڈوبتے سورج کی مانند قرار دیا۔

واضح رہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کا تعلق پاکستان کے پسماندہ ترین صوبے بلوچستان کے علاقے پشین سے ہے، پیدائش 26 اکتوبر 1959 کو بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ہوئی۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ مرحوم قاضی محمد عیسیٰ کے صاحبزادے ہیں جو تحریک پاکستان میں قائداعظم کے ساتھ سب سے آگے تھے۔
Load Next Story