کرن جوہر نے ٹویٹر کیوں چھوڑا اصل وجہ سامنے آگئی

فلمساز نے پچھلے برس اکتوبر میں ٹویٹر چھوڑنے کا اعلان کیا اور ابتدائی وجہ مثبت توانائی کا حصول بتایا تھا

فوٹو: انسٹاگرام

بالی وڈ کے نامور فلمساز کرن جوہر نے سماجی رابطے کا پلیٹ فارم ٹویٹر چھوڑنے کی اصل وجہ سے پردہ اٹھا دیا۔

کرن جوہر نے پچھلے برس اکتوبر میں ٹویٹر چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور ابتدائی طور پر انہوں نے چھوڑنے کی وجہ مثبت توانائی کا حصول بتایا تھا۔

ایک تازہ انٹرویو میں فلمساز نے ٹویٹر (ایکس) چھوڑنے کی اصل وجہ بتائی کہ نفرت انگیز اور گالیوں پر مشتمل غلیظ پیغامات ان کے بچوں یش اور روہی کو نشانہ بنارہے تھے۔


انہوں نے بتایا کہ اگر لوگ ان کو یا ان کی والدہ کو نشانہ بناتے تو کوئی بات نہ تھی لیکن نفرت کی لہر ان کے پانچ سال کے بچوں تک پہنچ رہی تھی جو ناقابل برداشت تھی۔

کرن جوہر نے واضح کیا کہ وہ اب کبھی ذاتی طور پر اس پلیٹ فارم پر واپس نہیں جائیں گے، وہ ٹویٹر کی قدر کرتے ہیں اور ان کی کمپنی کا اکاؤنٹ بھی اس پر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کے متعلق کوئی نفرت انگیز چیز نہیں پڑھنا چاہتے ہیں اور اس سے ان کا دل ٹوٹ جاتا ہے۔
Load Next Story