ون ڈے رینکنگ بھارت کے محمد سراج نمبر ون بولر بن گئے

بیٹرز میں بابراعظم کی پہلی پوزیشن برقرار، فخر زمان ٹاپ ٹین سے آؤٹ

بھارتی باؤلر محمد سراج نے 6 وکٹیں حاصل کی تھیں؛ فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کرکٹ کی تازہ ترین رینکنگ جاری کردی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے رینکنگ کے مطابق بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج ایک مرتبہ پھر نمبر ون بولر بن گئے ہیں جبکہ ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

بھارتی بولر محمد سراج نے 694 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ سے پہلی پوزیشن چھین لی۔ محمد سراج نے ایشیا کپ میں کل 10 وکٹیں حاصل کی تھیں جن میں سے 6 وکٹیں انہوں نے صرف فائنل میچ میں حاصل کیں۔

ہیزل ووڈ 678 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ 677 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی10 ویں نمبر پر ہیں۔


ون ڈے بیٹنرز میں بابراعظم کی پہلی پوزیشن برقرار ہے تاہم ان کے پوائنٹس 863 سے کم ہو کر857 ہوگئے ہیں۔ بھارتی اوپنر شبمان گل 814 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

جنوبی افریقی بلے باز راسی وان ڈر داسن 743 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ امام الحق ایک درجہ بہتری کے بعد 728 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستانی اوپنر فخر زمان مسلسل خراب پرفارمنس کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہوکر 11 ویں نمبر پر چلے گئے۔

آل رائونڈرز رینکنگ میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن پہلے، افغانستان کے محمد نبی دوسرے اور زمبابوے کے سکندر رضا تیسرے نمبر پر ہیں۔

ون ڈے ٹیم رینکنگ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت 115 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے جبکہ بھارت 115 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور آسٹریلیا 113 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
Load Next Story