5 لاکھ سال پُرانا لکڑی کا اسٹرکچر دریا سے صحیح سلامت برآمد

یہ ڈھانچہ ایک ایسے درخت کی لکڑی سے تیار کیا گیا ہے جس کا پھل اُس زمانے میں کافی بڑا ہوتا تھا

فوٹو : پروفیسر جیوف ڈلر، ایبرسٹ وِتھ یونیورسٹی

افریقی ملک زمبیا میں کالامبو آبشار کے قریب ایک تاریخی مقام پر ماہرین آثارِ قدیمہ نے دنیا کا قدیم ترین لکڑی کا اسٹرکچر صحیح سلامت دریافت کیا ہے جو کہ تقریباً 5 لاکھ سال پُرانا ہے۔

ماہرین کا اس قدیم دریافت کے حوالے سے کہنا ہے کہ یہ اسٹرکچر ایک ایسے درخت کی لکڑی سے تیار کیا گیا ہے جس کا پھل اُس زمانے میں کافی بڑا ہوتا تھا جبکہ یہ ایک ایسی حالت میں دریافت ہوا ہے کہ اس کے آس پاس مٹی کی ایک موٹی تہہ موجود تھی جس سے یہ بات واضح ہے کہ لکڑی کے اس ڈھانچے کو بہترین حالت میں محفوظ بھی رکھا گیا۔

محققین کے مطابق لکڑی کا یہ ڈھانچہ دلدل والی زمین پر ایک اونچی گزرگاہ کے طور پر تیار کیا گیا تھا جبکہ یہ دنیا کے دو سب سے شاندار قدرتی عجائبات یعنی 235 میٹر اونچی ایک آبشار اور 300 میٹر گہرے درے سے صرف چند سو میٹر کے فاصلے پر ملا ہے۔

آثارِ قدیمہ کے ماہرین کے مطابق یہ چوپی ڈھانچہ سائنسی اصطلاح میں 'ہومو سیپیئن' کہلانے والی موجود نوع انسانی کے آغاز سے پہلے کے دور کی معلوم ہوتی ہے۔

ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ یہ قدیم دریافت اس بات کا ثبوت ہے کہ اس وقت کے انسان بھی کافی سوجھ بوجھ کے مالک تھے اور اُنہوں نے اپنی عقل کا استعمال کرتے ہوئے یہ مضبوط لکڑی کا ڈھانچہ بنایا تھا جو آج تک صحیح سلامت دریا میں موجود تھا۔

 

 


 

 

 

 

 

 

 

 
Load Next Story