آزمودہ ہتھیاروں سے مشن ورلڈکپ میں سرخرو ہونے کا پلان

اسکواڈ میں اکھاڑ پچھاڑ سے گریز، انجرڈ نسیم شاہ کا خلا حسن علی سے پُر کرنے کا حیران کن فیصلہ

اسکواڈ میں اکھاڑ پچھاڑ سے گریز، انجرڈ نسیم شاہ کا خلا حسن علی سے پُر کرنے کا حیران کن فیصلہ۔ فوٹو: اے ایف پی

آزمودہ ہتھیاروں سے مشن ورلڈکپ میں سرخرو ہونے کا پلان تیار کر لیا گیا۔

ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد پلان میں تبدیلی متوقع تھی، مگر انضمام الحق کی زیرسربراہی قائم قومی سلیکشن کمیٹی نے ''مستقل مزاجی'' سے کام لیتے ہوئے موجودہ کھلاڑیوں پر اعتماد برقرار رکھا۔

ایشیا کپ کے 17رکنی اسکواڈ سے انجرڈ نسیم شاہ باہر ہو گئے، بطور متبادل حسن علی کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرنے کا حیران کن فیصلہ کیا گیا ہے، فہیم اشرف کو ڈراپ کردیا گیا، آؤٹ آف فارم شاداب خان نائب کپتان برقرار رہے۔

مسلسل ناکام فخرزمان کو باہر بٹھانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی، ایشیا کپ کے اسکواڈ میں شامل ہوکر صرف ایک میچ کھیلنے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو بطور ٹریولنگ ریزرو 15رکنی منتخب اسکواڈ کے ساتھ رکھا جائے گا،فاسٹ بولرز زمان خان اور مسٹری اسپنر ابرار احمد ریزرو میں شامل دیگر 2کرکٹرز ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ2023 کیلیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان، حسن علی کی واپسی

اسکواڈ میں بابراعظم ( کپتان )، شاداب خان ( نائب کپتان )، اوپنرز امام الحق، فخرزمان،عبداللہ شفیق، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، مڈل آرڈر سعود شکیل، اسپن آل راؤنڈرز سلمان علی آغا، افتخار احمد،محمد نواز، اسامہ میر، پیسرز شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف،حسن علی اور وسیم جونیئر شامل ہیں، ٹریولنگ ریزرو میں وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث،پیسر زمان خان اور اسپنر ابرار احمد کو شامل کیا گیا ہے۔


میڈیا کانفرنس میں اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ کسی بھی کرکٹر کی زندگی میں اہم ترین ایونٹ ہوتا ہے۔ میں متاثرکن کارکردگی کی بنیاد پر میگا ایونٹ کیلیے اسکواڈ کا حصہ بننے والے کرکٹرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،اسی ٹیم نے گذشتہ چند برس کے دوران بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اسی لیے ہم نے کھلاڑیوں پر اعتماد برقرار رکھا۔

انھوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے دوران نسیم شاہ سمیت چند کھلاڑیوں کی انجریز سے ٹیم کو مسائل کا سامنا رہا، نسیم شاہ کی عدم دستیابی بڑا نقصان ہے، میگا ایونٹ میں تجربے کی ضرورت ہوتی ہے، بھارت میں کھیلتے ہوئے دیگر ٹیموں کی بانسبت گرین شرٹس پر زیادہ دباؤ ہوتا ہے، ہم نے اسی لیے حسن علی کو شامل کیا، خوشی کی بات یہ ہے کہ اب تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور ورلڈ کپ میں بہترین پرفارم کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دی جنریٹر از بیک؛ حسن علی کی ٹویٹ وائرل

انضمام الحق نے کہا کہ حارث رؤف کی فٹنس کے بارے میں ہمارے میڈیکل پینل کی طرف سے حوصلہ افزا رپورٹس ملی ہیں، انھوں نے پریکٹس بھی شروع کردی اور سلیکشن کیلیے دستیاب ہیں۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ گرین شرٹس ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان لانے اور شاندار کارکردگی سے پوری قوم کیلیے باعث فخر بننے میں کامیاب رہیں گے،ان کے مطابق ٹیم کو شائقین کی جانب سے بھرپور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ کا آغاز 5اکتوبر کو ہوگا، اس سے قبل پاکستان ٹیم 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ اور 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کیخلاف وارم اپ میچز کھیلے گی،میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کا پہلا مقابلہ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ سے ہونا ہے۔

پاکستان اس وقت عالمی رینکنگ میں نمبر ون ہے۔ ورلڈکپ 2019 میں گرین شرٹس نیوزی لینڈ سے کم رن ریٹ کی وجہ سے سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکے تھے، پاکستان نے 1992میں ورلڈ کپ جیتا جبکہ 1999کا فائنل کھیلا تھا، گرین شرٹس 4مرتبہ 1979،1983،1987 اور2011 میں سیمی فائنلز میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔
Load Next Story