مولانا تنویر الحق تھانوی ایم کیو ایم کے بلامقابلہ سینیٹر منتخب

مولانا تنویر الحق کی سینیٹ میں شمولیت ارکان کے لئے تقویت کا باعث بنے گی، الطاف حسین

مولانا تنویر الحق کی سینیٹ میں شمولیت ارکان کے لئے تقویت کا باعث بنے گی، الطاف حسین فوٹو: فائل

متحدہ بین المسلمین فورم کے صدر اور ممتاز عالم دین مولانا تنویر الحق ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے جس پر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سینیٹ میں شمولیت ارکان کے لئے تقویت کا باعث بنے گی۔

مولانا تنویر الحق تھانوی کی بلامقابلہ کامیابی پر لندن سے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ مولانا تنویر الحق تھانوی ایک بڑے علمی ودینی گھرانے کے چشم وچراغ ہیں اور خود بھی ایک بڑی دینی شخصیت ہیں جو اپنے علم وفہم کے ذریعے ایم کیو ایم کے لئے بھی برسوں اپنی خدمات پیش کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے مولانا تنویر الحق تھانوی کو بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ میں آپ کی شمولیت باعث تقویت ہو اور آپ سینیٹ کے ایوان میں بہادروں کی طرح تحریک کی ترجمانی کریں، دلائل کے ساتھ تحریک کا مقدمہ پیش کریں اور ملک وقوم کی خدمت کریں۔


الطاف حسین نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک سے کرپشن اور کرپٹ نظام کا خاتمہ ہو اور ایسا نظام آئے جہاں انصاف وقانون کی حکمرانی ہو، عدالتیں حقیقتاً آزاد ہوں، ملک میں انصاف کا بول بالا ہو، قانون سب کے لئے برابر ہو، سب کو مساوی انصاف میسر ہو، صرف غریبوں کو چھوٹی چھوٹی چوریوں پر نہ پکڑا جائے بلکہ قومی خزانہ لوٹنے والے بڑے بڑے کرپٹ دولت مندوں کا بھی احتساب کیا جائے خواہ وہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جن بااثر اور بڑے لوگوں نے قرضے لے کر معاف کرائے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ان سے تمام دولت واپس لے کر سرکاری خزانے میں جمع کرائی جائے۔

واضح رہے کہ سینیٹ میں ایم کیو ایم کی یہ نشست مصطفیٰ کمال کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوئی تھی۔
Load Next Story