نوادرات اسمگلنگ کیس مرکزی ملزمان کا بھائی گرفتار

پولیس نے ملزمان ظفر اور عاصم کی نشاندہی پرگلشن اقبال بلاک 4-Aسے طاہر بٹ کو گرفتار کیا

پولیس نے ملزمان ظفر اور عاصم کی نشاندہی پرگلشن اقبال بلاک 4-Aسے طاہر بٹ کو گرفتار کیا

گندھارا تہذیب سے تعلق رکھنے والی قدیم مورتیوں اوردیگر نوادرات کی اسمگلنگ کے کیس میں پولیس نے مرکزی ملزمان کے بھائی کوگرفتارکرلیا ، پولیس گرفتاری کو اہم کامیابی قرار دے رہی ہے، محکمہ آثار قدیمہ کے ماہرین کی جانب سے مورتیوں کے معائنے کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا

تفصیلات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کورنگی سنگر چورنگی پر عوامی کالونی پولیس نے حساس اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کنٹینر برآمد کر کے ہزاروں برس قدیم گندھارا تہذیب سے تعلق رکھنے والی مورتیوں ، مجسموں اور دیگر نوادارت کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے2ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا ،عوامی کالونی پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 236/12 اینٹی کوئٹیز ایکٹ (ANTIQUITIES) 1975 اور زیر دفعہ 28, 29, 32, 34 کے تحت درج کر کے تحقیقات کا آغازکیا


گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر اگلے ہی روز( ہفتہ کو ) ابراہیم حیدری کے علاقے میںگودام پر چھا پہ مار کر مزید نادر و نایاب مجسمے اور مورتیاں برآمد کرلی تھیں ،ایس ڈی پی او کورنگی مجید عباسی نے ایکسپریس کو بتایا کہ گذشتہ روز گلشن اقبال میں کارروائی کرتے ہوئے مقدمے کے مرکزی ملزمان عاطف بٹ اورآصف بٹ کے بھائی طاہر بٹ کوگرفتار کرلیا

ایس ایچ او عوامی کالونی جاوید بروہی کا کہنا تھا کہ پولیس نے گرفتار ملزمان ظفر اورعاصم کی نشاندہی پر گلشن اقبال بلاک 4-Aمیں ایک مکان پر چھا پہ مارا اور مرکزی ملزمان کے بھائی طا ہر بٹ کو گرفتار کرلیا، ان کا کہنا تھا کہ ملزم نے ابتدائی بیان میں بتایا ہے کہ وہ کلیئرنگ اینڈ فارورڈنگ کا کام کرتا ہے لیکن اسے اپنے بھائیوں کے کاروبارکے بارے میںکچھ نہیں معلوم کہ وہ کیا کرتے تھے

 
Load Next Story