نواب شاہ بجلی چوری میں معاونت پر دو ایس ڈی اوز اور دو لائن مین معطل
دو ہفتوں میں بجلی چوری پر 51 مقدمات درج اور 4 افراد گرفتار ہوئے جبکہ بجلی چوری میں معاونت پر دو ایس ڈی اوز اور دو لائن مینوں کو معطل کردیا گیا۔
سپرنٹنڈنٹ انجینیئر حیسکو گلزار دستی کے مطابق حیسکو سرکل میں دو ہفتوں سے بجلی چوری اور بل نادہندگان کے خلاف مہم جاری ہے جس کے دوران اب تک بجلی چوری پر51 مقدمات درج4 افراد گرفتار ہوئے ہیں۔
گلزار دستی کے مطابق بجلی چوری میں معاونت پر دو ایس ڈی اوز اور دو لائین مینوں کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔
سپرنٹنڈنٹ انجینئر کا کہنا تھا کہ 814 غیر قانونی کنکشن والے صارفین سے 2کروڑ43لاکھ روپیہ جرمانہ اور بجلی صارفین سے بقایاجات کی مد میں 23کروڑ88 لاکھ روپے وصول کیے گئے ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ انجینیئر حیسکو نے بتایا کہ ٹنڈوآدم میں چوری پر اسٹیل فیکٹری کی بجلی منقطع کرکے پانچ کروڑ روپیہ جرمانہ عائد کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی کی چوری میں ملوث 380 کنکشن صارفین پر مقدمہ اندراج کیلیے پولیس کو خط ارسال کردیا گیا ہے۔
گلزار دستی کا کہنا تھا کہ عوام خود غیر قانونی کنکشن ہٹادیں، صارفین کو نئے کنکشن لینے پر24 گھنٹے میں میٹر لگاکردیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ حیسکوسرکل میں 70 نئے ٹرانسفارمر لگائے گئے ہیں، جبکہ سانگھڑ، نوابشاہ، مٹیاری ڈویژن میں بجلی کے صارفین کی تعداد ساڑھے تین لاکھ ہے۔