جماعت اسلامی کا بجلی بلوں میں اضافے پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا فیصلہ

وائٹ پیپر میں تینوں حکمران پارٹیوں کی غلط پالیسیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، ترجمان جماعت اسلامی

فوٹو : جماعت اسلامی ایکس

جماعت اسلامی نے بجلی بلوں میں اضافے کے معاملے پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ وائٹ پیپر میں گذشتہ حکومتوں کی ناکام اور ظالمانہ حکمت عملی کی تفصیلات شامل ہیں، وائٹ پیپر میں تینوں حکمران پارٹیوں کی غلط پالیسیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اور نگران حکومت کی بد ترین کارکردگی بھی عوام کے سامنے پیش کر دی ہے، ملک اس وقت انتہائی عدم استحکام کا شکار ہے، یہ صورتحال اب زیادہ دیر نہیں چل سکتی حکومت کو قیمتیں کم کرنا ہوں گی۔


ترجمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ملک گیر تحریک نتیجہ خیز ہو گی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کل دوپہر ساڑھے بارہ بجے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے اور مسائل کے حل سمیت متبادل پالیسی بھی پیش کریں گے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کے غلط فیصلوں سے پاکستان عالمی مالیاتی اداروں کا راجواڑہ بن گیا، ملک 25 کروڑ عوام کا، فیصلے آئی ایم ایف کرتا ہے، حالات یہ کہ آئندہ حکومت کے لیے بھی ٹیکسز، مہنگائی کا روڑمیپ تیار کرلیا گیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ نگران حکومت کے پاس اختیار نہیں کہ بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتیں بڑھائے، ڈالر کی قیمت میں کمی کا ریلیف عوام کو ملنا چاہیے، بجلی کا ٹیرف، پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں کم کی جائیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ بجلی چوری، لائن لاسز اور مفت خوری کا بوجھ غریبوں پر کیوں ڈالا جاتا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھے گی اور ہم ہر آئینی و قانونی طریقہ اختیار کریں گے۔
Load Next Story