وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کمانڈر سمیت تین دہشت گرد ہلاک

کمانڈر عدنان اور مارے جانے والے تینوں دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر

فوٹو فائل

سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 اور 26 ستمبر کی رات دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر جب سیکیورٹی فورسز نے وادی تیراہ میں کارروائی کی تو اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔


دہشت گردوں کی فائرنگ پر سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی اور پھر دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں کمانڈر کفایت عدنان سمیت تین دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے جانے والے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
Load Next Story