ایپل نے آئی فون 12 کے لیے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ جاری کردی

فرانس نے آئی فون 12 کی شعاعوں سے متعلق ٹیسٹ میں ناکام ہونے کی صورت میں ملک میں فون کی فروخت پر پابندی عائد کی تھی

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے شعاعوں کے متعلق تحفظات کو دور کرنے کے لیے فرانسیسی حکام کو اپنے آئی فون 12 کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ فراہم کر دیا۔

گزشتہ ہفتے فرانس نے آئی فون 12 کے الیکٹرومیگنیٹک شعاعوں سے متعلق ٹیسٹ میں ناکام ہونے کی صورت میں ملک میں فون کی فروخت پر پابندی عائد کی تھی۔

فرانس کی جانب سے ایپل کو اس مسئلے کو حل کرنے میں ناکامی پر ملک میں موجود تمام یونٹس واپس منگوانے کا حکم دیا تھا۔ جبکہ دیگر یورپی ممالک نے خبردار کیا تھا کہ وہ بھی فرانس کے فیصلے کی تائد کر سکتے ہیں۔

فرانسیسی ڈیجیٹل وزارت کے ذرائع کے مطابق فرانسیسی حکام کو منگل کے روز ایپل کی جانب سے آئی فون 12 کے لیے سافٹ ویئر کی اپ ڈیٹ موصول ہوگئی۔


اس سے قبل فرانس کی جانب سے آئی فون 12 کے متعلق سامنے آنے والے معاملات کو چیلنج کرتے ہوئے ایپل نے واضح کیا تھا کہ نگران ادارے (اے این ایف آر) کو کمپنی اور ثالث فریقوں کی جانب سے لیب کے تمام آزمائشی نتائج ادارے کو جمع کرائے گئے ہیں جو بتاتے ہیں کہ یہ ڈیوائس تمام قانونی تقاضے پورے کرتی ہے۔

بعد ازاں ایپل کا کہنا تھا کہ کمپنی 15 ستمبر کو فرانس میں استعمال ہونے والے آزمائشی طریقہ کار کے مطابق سافٹ ویئر اپ ڈیٹ جاری کرے گی۔

فرانس کی جانب سے آئی فون 12 کی فروخت پر پابندی کے اقدام نے بیلجیئم، جرمنی اور نیدرلینڈز میں بھی تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔

بیلجیئم کی جانب سے بھی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کی درخواست کی گئی لیکن یہ اپ ڈیٹ فرانس تک محدود تھی۔
Load Next Story