ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے میٹرک سائنس گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا

پہلی دو پوزیشنیں طالبات کے نام رہیں، محنت کی جس کا صلہ مل گیا، لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تیاری میں مشکل ہوئی، پوزیشن ہولڈرز

فوٹو: فائل

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے ایک ماہ کی تاخیر کے بعد دسویں جماعت سائنس گروپ کے نتائج کا اعلان کر دیا، پہلی دو پوزیشنیں طالبات کے نام رہیں۔

تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان کردیا گیا جس میں پہلی اور دوسری پوزیشن طالبات جبکہ تیسری پوزیشن طالب علم نے حاصل کی۔

نتائج کے اعلان کیلیے تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں پوزیشن حاصل کرنے والے طالبِ علموں کو میڈل سے نوازا گیا۔ اس موقع پر والدین سمیت اسکولز کے پرنسپلز بھی تقریب میں موجود تھے۔

میٹرک سائنس گروپ میں پہلی پوزیشن لینے والی طالبہ شہیرہ فاطمہ نے میٹرو پولس اسکول سے 94.91 فیصد نمبرز حاصل کیے۔ فیلکن ہاؤس اسکول کی ربیسا علی نے 94.09 فیصد نمبرز حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن 93.72 فیصد نمبرز کے ساتھ اسلامیہ سیکنڈری اسکول کے محمد عمر اقبال انصاری کے نام رہی۔

میٹرک سائنس گروپ میں اے ون گریڈ لینے والے طلبا کی تعداد 33967 رہی۔ 45080 طلبا اے، 34250 طلبا بی، 18033 طلبا سی جبکہ 3037 طلبا ڈی اور 16 طلبا ای گریڈ میں پاس ہوئے۔

میٹرک بورڈ دسویں جماعت سائنس گروپ میں کُل 156068 طلبہ و طالبات نے امتحانی فارم جمع کرائے جن میں سے 156022 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔ 134646 طلبہ و طالبات نے مجموعی طور پر کامیابی حاصل کی۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 86.30 رہا۔


اس موقع پر سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نور احمد سمو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نتائج میں تاخیر کی وجہ بورڈ انتظامیہ نے اساتذہ کی غیر حاضری بتایا ہے ، اساتذہ چھٹیوں پر تھے اور اسسمنٹ کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن نتائج تبدیلی سے متعلق شواہد سامنے آنے پر تحقیقات کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے میٹرک ، انٹر سرکاری تعلیمی ادارے سے کیا ہے، میٹرک طلبہ کیلیے مائل اسٹون ہے، بورڈ میں اول پوزیشن لینا طالب علم کیلیے بہت بڑا دن ہوتا ہے، بہت سے طلبہ نے اس مرتبہ اے ون گریڈ حاصل کیا ہے۔

انہوں مزید کہا کہ آج کے دور میں جتنے ایسو سی ایشن ، اسکول پرنسپل ہیں میں ان کو کریڈٹ دوں گا چاہے سرکاری ہو یا نجی اسکول ہو انتظامیہ کا کردار اہم ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آرٹیفشل انٹیلیجنس کو استعمال کر کے نتائج کے وقت کو کم کریں گے تا کہ نتائج جلدی آجائیں۔

نوراحمد سمو نے کہا کہ طلبا میں پڑھنے کا رجحان زیادہ ہونا چاہیے، ترقی پزیر ممالک میں کتابیں زیادہ پڑھی جاتی ہیں، بورڈ انتظامیہ کو کس طرح فول پروف بنا سکتے ہیں اس بارے میں تجاویز ضرور لوں گا۔

اس موقع پر بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے کہا کہ نتائج میں اس لیے کچھ تاخیر ہوئی کیوں کہ ہمیں حکومت سے تعاون نہیں ملا ہم حکومت سے زیادہ اساتذہ پر انحصار کر رہے تھے۔

اس موقع پر پوزیشن ہولڈرز طلبا کا کہنا تھا کہ امتحانات کی تیاری میں مشکلات کا سامنا رہا لیکن محنت کرتے رہے جس کا آج صلہ مل گیا ہے، امتحانات کے دوران بجلی کی بندش کی وجہ سے مشکل رہی۔

میٹرک سائنس گروپ کے نتائج بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کی آفیشل ویب سائٹ پر دیکھے جاسکتے ہیں۔
Load Next Story