ملکی زرمبادلہ کے ذخائر آئندہ 2 ماہ میں 15 ارب ڈالر سے تجاوز کرجائیں گے اسحاق ڈار

10 ماہ میں ترسیلات زر 11.4 فیصد بڑھ کر 12 ارب 90 کروڑ ڈالر رہیں۔ ، وزیر خزانہ

پاکستان کی معاشی ترقی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے، اسحاق ڈار۔ فوٹو : فائل

وفاقی وزیر داخلہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر آئندہ 2 ماہ میں 15 ارب ڈالر سے تجاوز کرجائیں گے۔


قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملک کو ایک مرتبہ پھر معاشی شاہراہ پر گامزن کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کی شرح پر قابو پالیا گیا ہے۔ گزشتہ 10 ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں میں 15.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔ برآمدات 19 ارب ڈالر رہیں جو کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 6 فیصد زائد ہے جبکہ درآمدات 33 ارب ڈالر رہیں، رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران بجٹ خسارہ ایک ہزار 33 ارب رہا جو مقررہ ہدف کے اندر ہے۔ اسی طرح 10 ماہ میں ترسیلات زر 11.4 فیصد بڑھ کر 12 ارب 90 کروڑ ڈالر رہیں۔ زرمبادلہ کے ذخائر 13ارب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں۔ جولائی تک یہ 15 ارب ڈالر سے بڑھ جائیں گے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جون 2013 میں کراچی اسٹاک ایکسچینج کا ہنڈریڈ انڈیکس 19 ہزار کی سطح پر موجود تھا جبکہ 10 ماہ بعد یہ 28 ہزار 500 کی سطح پر موجود ہے۔ ملک میں اس وقت ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بھی مستحکم ہے، انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 98 جبکہ اوپن مارکیٹ میں 99 روپے کی سطح پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی معاشی ترقی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔ اس ترقی میں ملک کے ہر شہری کا حصہ ہے اس لئے ملک کی اقتصادی ترقی کے بارے میں منفی رائے سے گریز کیا جانا چاہیئے۔
Load Next Story