پہلی پاکستانی خلاباز نمیرہ سلیم

یہ امر حقیقی ہے کہ نمیرہ سلیم پانچ اکتوبر کو خلا میں جائیں گی اور وہ پاکستان کی پہلی خاتون ہے

پاکستان کی پہلی خلاباز خاتون نمیرہ سلیم تاریخی خلائی سفر کا آغازکرنے جا رہی ہیں،وہ پانچ اکتوبر کو یہ کارنامہ انجام دیں گی،نمیرہ سلیم کی خلائی مہم کا آغاز، یقینا پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔نمیرہ سلیم خلا میں پاکستانی پرچم بلند کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔اس حوالے سے خلائی سیاحتی کمپنی، ورجن گیلیکٹک ہولڈنگز نے اعلان کیا ہے کہ اِن کی فلائٹ ونڈو ماہ اکتوبر کو اپنے سفر کا آغاز کرے گی۔

ورجن گیلیکٹک کے بانی خلاباز رچرڈ برانسن کی جانب سے نمیرہ سلیم کو اس خلائی سفر کے لیے نامزد کیا گیا ہے، نمیرہ سلیم خلائی مسافر کی پوزیشن حاصل کر چکی ہیں۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں نمیرہ سلیم کا کہنا تھا کہ موجودہ نگران حکومت نے مجھے سپورٹ کیا ہے اور حوصلہ افزائی کی ہے، ورنہ قبل ازیں مختلف سیاسی پارٹیوں کی حکومت نے مجھے وہ ترجیح نہیں دی جتنی میں اس کی حقدار تھی۔انھوں نے بتایا کہ بچپن ہی سے خلا کے حوالے سے پڑھتی رہی، دیکھتی رہی اور سوچتی رہی ہوں، اس سے پہلے خلا میں پاکستان کی جانب سے کوئی خاتون اور نہ ہی کوئی مرد گیا ہے۔

نمیرہ سلیم کا تعلق کراچی سے ہے،اپنی ذات کے ساتھ ساتھ انھوں نے وطن عزیز کا ہر میدان میں نام روشن کیا ہے۔2006میں حکومت پاکستان کی جانب سے انھیں باضابطہ طور پر''پہلی پاکستانی خلاباز''کے طور پر تسلیم کیا گیا۔

2007میں نمیرہ سلیم پاکستان کے لیے سیاحت کے اعزازی سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں، جنھیں وزارت سیاحت نے مقرر کیا تھا۔ وہ اپریل 2007میں قطب شمالی اور جنوری 2008میں قطب جنوبی تک پہنچنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔ انھیں تاریخی فرسٹ ایورسٹ اسکائی ڈائیو 2008کے دوران ماؤنٹ ایورسٹ پر اسکائی ڈائیو کرنے والی پہلی ایشیائی اور پہلی پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔


وہ امن کے لیے بھی کام کرتی رہی ہیں اور2011میں صدر پاکستان نے نمیرہ سلیم کو ملک کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ'' تمغہ امتیاز'' سے نوازا تھا۔انھیں بین الاقوامی امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوششوں پر ستمبر2013میں لندن میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ نمیرہ سلیم کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ پاکستان پاور 100کی ویمن پاورمیں شامل رہی ہیں۔

دوسری جانب نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان کی پہلی خلا باز خاتون نمیرہ سلیم سے ملاقات کی۔اس موقع پر ان کا کہناتھا کہ نمیرہ سلیم کا خلاء کا سفر خلائی تحقیق میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور قوم کے لیے ایک بڑی کامیابی کی علامت ہے۔انھوں نے بڑے حیرت انگیز کارنامے سرانجام دیے ہیں۔ پاکستان میں شاید ہی کوئی دوسرا ہو جس نے اتنی تیزی سے کامیابی حاصل کی ہو۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے نمیرہ سلیم کو خلائی سفر شروع کرنے پر حکومت پاکستان، وزیراعظم اور عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کی،نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے نمیرہ سلیم کی کامیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا۔

یہ امر حقیقی ہے کہ نمیرہ سلیم پانچ اکتوبر کو خلا میں جائیں گی اور وہ پاکستان کی پہلی خاتون ہے، جنھوں نے خلا میں جاکے ایک تاریخ ر قم کی ہے۔ پاکستانی خلا باز نمیرہ سلیم اپنے خلائی سفر کرنے کے لیے تیار ہیں، پانچ اکتوبر کو خلا میں پہلی بار پاکستانی پرچم بھی لہرائیں گی،پاکستان سے تعلق رکھنے والی نمیرہ سلیم نے قطب جنوبی پر قدم رکھا اور وہاں پہلی مرتبہ پاکستان کا پرچم لہرانے کا اعزاز حاصل کیا،یہ پرچم انھیں 24 دسمبر 2007 کو پاکستان کے نگراں وزیر اعظم محمد میاں سومرو نے دیا تھا۔

نمیرہ سلیم اس سے قبل 21 اپریل 2007 کو قطب شمالی میں بھی پاکستان کا پرچم لہرا چکی ہیں۔ نمیرہ سلیم پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنھیں قطبین پر پہنچنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ دیکھا جائے تو نمیرہ سلیم تمام خواتین کے لیے ایک رول ماڈل ہیں، پاکستان کی نوجوان نسل زندگی کے مختلف شعبوں میں پاکستان کا نام دنیا میں بلند کر سکتی ہے ،نمیرہ سلیم کی اس کاوش سے پاکستان کے امن پسند اور ترقی پسند ملک کی حیثیت سے مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔
Load Next Story