جعلی ویزوں پر بیرون ملک بھجوانے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار

ملزم سے وزارت داخلہ، پاکستان، اٹلی، امارات کے سفارت خانوں، ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کی متعدد جعلی مہریں برآمد

گرفتار ملزم جعلی سرکاری دستاویزات بنانے میں بھی ملوث تھا

بھاری رقوم لے کر جعلی ویزوں پر بیرون ملک بھجوانے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار کرلیا گیا۔

ایف آئی اے نے متحدہ عرب امارات، اٹلی اور دیگر ممالک کی جعلی مہریں ، وزارت داخلہ کے لیٹر، امیگریشن کی ان آوٹ کی مہروں سمیت دیگر جعلی دستاویزات تیار کر کے بیرون ممالک بھجوانے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔


اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کی انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جس کے تحت ڈائریکٹر لاہور زون کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض خان کی زیر نگرانی ٹیم چھاپا مار کارروائی میں انسانی اسمگلر علی رضا بھٹی کو لاہور سے گرفتار کرلیا۔ ملزم نے بیرون ملک امیگریشن اور ملازمت کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے۔

ملزم سادہ لوح شہریوں سے بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد جعلی ویزے اور ریزیڈنٹ کارڈز مہیا کر رہا تھا۔ ملزم جعلی سرکاری دستاویزات بنانے میں بھی ملوث تھا، جس کے قبضے سے وزارت داخلہ اور پروٹیکٹر آفس کی جعلی مہریں ، بیرون ملک روانگی و آمد کی جعلی مہریں، پاکستان، اٹلی، متحدہ عرب امارات کے سفارت خانوں کی جعلی مہریں برآمد کر لی گئی ہیں۔ ملزم کے قبضے سے ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کی بھی متعدد جعلی مہریں برآمد ہوئیں۔ ملزم کو گرفتار کر کے باقاعدہ تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
Load Next Story