افغان فورسزاتحادی فوجیوں کیلیے سنگین خطرہ ہیںجنرل مارٹن

فورسزکاملک کے مختلف حصوں میں کارروائیوں کے دوران 44 طالبان کو ہلاک کرنیکا دعویٰ ۔

افغانستان میں افغان فورسز امریکی اور اتحادی افواج کے لیے سنگین خطرہ بن گئی ہیں۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل مارٹن ڈیمپیسی, فوٹو: فائل

امریکی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل مارٹن ڈیمپیسی نے کہا ہے کہ افغانستان میں افغان فورسز امریکی اور اتحادی افواج کے لیے سنگین خطرہ بن گئی ہیں۔

ایسے حالات میں جب افغان سیکیورٹی اہلکار ہی ہمارے فوجیوں کو حملے کا نشانہ بنانا شروع کر دیں ہم آرام سے افغان مشن کو جاری نہیں رکھ سکتے ۔


ہمیں افغانستان میں کچھ تبدیلی کی ضرورت ہے، افغانستان میں اپنے فوجیوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کرنا ہوں گے۔وہ پیر کو رومانیہ میں نیٹو فوجی نمائندوں کے ایک اجلاس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔انھوں نے کہا کہ افغانستان کے اندر ہماری فوج کیلیے افغان سیکیورٹی فورسز ہی سنگین خطرہ بن گئی ہیں جو کہ ہمارے لیے باعث تشویش ہے۔

دوسری طرف افغان پولیس نے ملک کے مختلف حصوں میں کارروائیوں کے دوران 44 طالبان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ علاوہ ازیں صدر کرزئی نے فضائی کارروائی میں آٹھ خواتین کی ہلاکت اور بگرام جیل کا کنٹرول افغان حکومت کے حوالے کرنے میں سستی پر نیٹو کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

افغان صدر نے اس واقعے کو افغانستان اور امریکا کے مابین طے شدہ سٹریٹیجک معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق افغانستان میں نیٹو فوج کے ترجمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعے کی رات کابل میں نیٹو کے اڈے پر طالبان کے حملے کے نتیجے میں کروڑوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story