سندھ میں سینیئر ڈائریکٹر ماسٹر پلان کےعہدے پر ایک بار پھر متنازع افسر تعینات

سابق چیف سیکریٹری سندھ نے حاجی احمد کو سرکار سے دھوکہ دہی کا مرتکب پائے جانے پر گریڈ19 سے 18 میں تنزلی کردی تھی

فوٹو: فائل

نگراں سندھ حکومت نے انتہائی اہم عہدے پر متنازع تعیناتی کردی، سینیئر ڈائریکٹر ماسٹر پلان حاجی احمد کی گریڈ19 سے گریڈ18 میں تنزلی کے باوجودانہیں گریڈ19 کا افسر قرار دے کر ایک مرتبہ پھر ماسٹر پلان کا سینیئر ڈائریکٹر تعینات کرادیا گیا۔

باوثوق ذرائع کے مطابق سینیئر ڈائریکٹر ماسٹر پلان کے اہم ترین عہدے پر تعینات حاجی احمد کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ سابق چیف سیکریٹری سندھ محمد سہیل راجپوت نے حاجی احمد کو سرکار سے دھوکہ دہی کا مرتکب پائے جانے پر ان کی گریڈ19 سے گریڈ18 میں تنزلی کردی تھی اور انہیں مڈ کیرئیر کورس پر جانے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حاجی احمد نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل مبینہ ذاتی مفادات کیلیے بار بار اپنی تاریخ پیدائش میں تبدیلی کراکر سرکار کو دھوکہ دینے کی کوشش کی۔ تحقیقات کے بعد وہ دھوکہ دہی کے مرتکب بھی پائے گئے۔


اس حوالے سے حاجی احمد کو پہلے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا جس کے جواب پر مطمئن نہ ہونے پر انہیں ذاتی طور پر پیش ہوکر صفائی دینے کا موقع بھی فراہم کیا گیا تھا۔

تاہم سرکاری ریکارڈسے ان کی مبینہ جعلسازی ثابت ہونے پر سابق چیف سیکریٹری سندھ نے ان کیخلاف سخت نوٹس لیتے ہوئے 10 جولائی 2023 ءکو جاری کیے گئے تین صفحات پر مشتمل نوٹیفکیشن نمبر SOI(SGA&CD)-3/04/2013 کے ذریعے حاجی احمد کی تنزلی کرکے گریڈ19 سے گریڈ 18 میں بھیج دیا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں مڈکیرئیر مینجمنٹ کورس لازمی کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا تھا۔

مذکورہ نوٹیفکیشن کے تحت حاجی احمد کی تنزلی 6 مئی 2025 تک برقرار رکھنے کا حکم بھی دیا گیا تھا،تاہم ایک ماہ بعد اگست میں سابق چیف سیکریٹری سندھ محمد سہیل راجپوت کے تبادلے کے بعد نئے تعینات ہونے والے چیف سیکریٹری سندھ محمد فخر عالم عرفان کو مبینہ طور پر اندھیرے میں رکھ کر بیوروکریسی حاجی احمد کی ایک مرتبہ پھر سینئر ڈائریکٹر ماسٹر پلان کے عہدے پر تعیناتی کے احکامات جاری کرانے میں کامیاب ہوگئی ہے جس میں ان کا گریڈ بھی 19 ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو چھپاکر بیوروکریسی نئے چیف سیکریٹری سندھ کو بیوقوف بنانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
Load Next Story