بیرون ملک سے ملزمان شہر میں بھتہ خوری کرانے لگے

بھتہ خوری کا نیٹ ورک ایران،دبئی اور افغانستان سے آپریٹ ہونے کا انکشاف

بڑے چھوٹے صنعت کاروں کو بیرون ملک سے فون کرکے دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی میں بھتہ خوری پھر شروع ہوگئی، رواں سال کے 9 ماہ کے دوران 91 بھتہ خوری کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ بھتہ خوری کا نیٹ ورک ایران، دبئی اور افغانستان سے آپریٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

اسپیشلائزڈانویسٹی گیشن یونٹ کے ایس ایس پی جنید شیخ کا کہنا ہے کہ بھتہ خوروں نے واردات کا طریقہ کار تبدیل کرلیا ہے، بھتہ خوری میں ملوث مضبوط اور منظم گینگ بیرون ملک موجود ہیں جنھوں نے مقامی لڑکوں کی مدد سے 5 سے 7 گروپس تشکیل دیے ہیں۔

بھتہ خوری نیٹ ورک میں موجود لڑکے پہلے بزنس مین، چھوٹے،بڑے تاجر، دکاندار، بلڈر سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی مکمل ریکی کرتے ہیں اور پھر گولی کے ساتھ بھتے کی پرچی بھیجتے ہیں، بڑے چھوٹے صنعت کاروں کو بیرون ملک جسے ہم پڑوسی ممالک بھی کہتے ہیں وہاں سے فون کرکے دھمکیاں دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ایران اور دبئی سے آپریٹ ہونے والا بھتہ خوروں کا گروپ بے نقاب

اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ کے ریکارڈ کے مطابق ایس آئی یو کورواں سال 91 مقدمات کی تفتیش سے گزرنا پڑا جس میں 44 مقدمات کا عدالتوں میں چالان جمع کرایا گیا ہے،بھتہ خوری کے 91 مقدمات میں 11 مقدمات کو ''اے کلاس'' کیا گیا ہے جس کے مطابق ان مقدمات میں شواہد ناکافی ہیں، ملزمان کے حوالے سے کوئی پیشرفت یا نشاندہی نہیں ہوسکی۔


بھتہ خوری کے2 مقدمات کو ''بی کلاس''کیا گیا،مطلب بھتہ خوری کے 2 مقدمات چھوٹے ثابت ہوچکے،اسی طرح اسپیشلائزڈانویسٹی گیشن یونٹ نے10مقدمات کو ''سی کلاس'' کیا ہے جس کے تحت یہ مقدمات کینسل کلاس ہیں مطلب یہ مقدمات غلط فہمی پر درج کیے گئے۔

8 مقدمات کی ایس آئی یو نے تفتیش مکمل کرکے کیس فائل واپس بھیجی ہے جس میں بھتہ خوری کے شواہد نہیں ملے ہیں جبکہ 16 مقدمات میں پولیس کی تفتیش جاری ہے،45 مقدمات میں پولیس ٹرائل کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹی پی کیلیے بھتہ لینے والا سرگرم گروہ گرفتار، تفتیش میں ہوشربا انکشافات

ایس ایس پی ایس آئی یو جنید شیخ کا کہنا ہے کہ ان کے یونٹ نے رواں سال کے 9 ماہ میں 92 ملزمان کو گرفتار کیا، بھتہ خوروں کا لوکل نیٹ ورک اتنا مضبوط اور منظم نہیں ہے لیکن رواں سال پچھلے سالوں کے مقابلے میں انتہائی پریشان کن تھا کیوں کہ کچھ مقدمات اور ملزمان کی گرفتاری میں بیرون ملک سے بھتہ خوروں کا نیٹ ورک آپریٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، یہ گروپ دبئی، ایران اور افغانستان سے آپریٹ کیے جارہے ہیں جنھیں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پکڑا بھی گیا۔

گروپ کے ماسٹر مائنڈ کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو بھی آگاہ کردیا گیا،پچھلے دنوںکراچی پولیس کو شہر قائد کی چھوٹی بڑی مارکیٹوں سے بھی بھتہ خوری کی شکایات موصول ہوئی ہیں جنھیں بھتے کی ایک پرچی اور اس کے ساتھ ایک گولی بھی بھیجی گئی تھی،پولیس ملزمان کی نشاندہی کرچکی۔
Load Next Story