الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر ایم کیو ایم نے متعلقہ حکام کو نوٹس بھجوادیئے

فوری طور پر نوٹس کا جواب نہ دیا گیا تو اس کے خلاف پٹیشن بھی دائر کی جائے گی،ذرائع

وفاقی حکومت الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری کرنے سے متعلق سنجیدہ نظر نہیں آتی،رہنما ایم کیو ایم۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر ایم کیو ایم نے قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو نوٹس بھجوادیئے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق متحدہ قومی قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر ایم کیو ایم نے وزارت داخلہ،چیئرمین نادرا اور لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر کو قانونی نوٹس بھجوادیئے ہیں۔ ایم کیو ایم کی جانب سے قانونی نوٹس بیرسٹرفروغ نسیم کے ذریعے بھجوائے گئے ہیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہےکہ اگر فوری طور پر نوٹس کا جواب نہ دیا گیا تو اس کے خلاف پٹیشن بھی دائر کی جائے گی۔


الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر ایم کیوایم رہنماؤں کا کہنا ہےکہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت سنجیدہ نظر نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے شناختی کارڈ کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرلیے گئے ہیں لیکن اس کے باوجود شناختی کارڈ جاری نہیں کیا گیا جبکہ وزیرداخلہ چوہدرری نثار اس سلسلے میں مسلسل غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ متحدہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ کیا گیا تو احتجاج کے ساتھ قانونی چارہ جوئی بھی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ الطاف حسین کو شناختی کارڈ جاری نہ کرنے پر ایم کیوایم کے اراکین نے گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کیا اور آج اراکین سندھ اسمبلی بھی اس حوالے سے احتجاج کریں گے جبکہ وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ الطاف حسین جب کہیں گے ہم شناختی کارڈ جاری کردیں گے ہماری حکومت کو ان کے شناختی کارڈ سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
Load Next Story