’’را‘‘ کو معلومات دینے کا الزام گرفتار 5 ملزمان کا مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ

پانچوں ملزمان پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کو پیسے کے عوض معلومات دینے پر تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا

(فوٹو: فائل)

انسدادِ دہشت گردی عدالت نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کو معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار پانچ ملزمان کو مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس کی جانب سے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے فنڈنگ کے الزام میں گرفتار 5 ملزمان معیز احمد، مہران یونس، فیضان کیانی، ارسلان واجد اور نعمان ستار کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔

جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے ملزمان سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ لوگوں کا کیا مسئلہ ہے؟ ریمانڈ میں صرف ایسے آنا جانا نہیں چلتا رہےگا، کیا آپ کو ملک پیارا نہیں؟ اس دھرتی نے آپ کو پالا پوسا ہے۔


ملزمان نے جواب دیا کہ ہمیں ہمارا ملک پیارا ہے جس پر عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ ہمارے ملک کی کیا یہ قیمت ہے جو آپ نے کیا ہے؟ ملزمان نے جواب دیا کہ ہم نے ملک کی خدمت کی ہے، مسجد کے نام پر پیسے لینے پر پھنسایا گیا۔

جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے ریمارکس دیے اتنی بڑی رقم سامنے آئی ہے، آپ احساس کریں، دنیا میں بھی جواب دینا ہے،آخرت میں بھی، پیسہ یہیں رہ جائےگا، دنیا میں لالچ بہت ملےگی، ایسی سوچ چھوڑ دیں، اچھے انسان بننے کی کوشش کریں، ملک کمزور ہے، معیشت کمزور ہے، درخواست ہے کہ دھرتی پر کرم کریں۔

عدالت نے پانچوں ملزمان کو مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ پانچوں ملزمان پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کو پیسے لے کر معلومات فراہم کرنے پر تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
Load Next Story