نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن سے زیادہ عوام کا کوئی ہمدرد نہیں شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قوم سے سچ بولا، دیانتداری سے قوم کی خدمت کی، لیگی صدر

(فوٹو : فائل)

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) سے زیادہ عوام کا کوئی ہمدرد نہیں ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کرنے والوں میں سابق ایم این اے شیخ وسیم، سابق ایم پی ایز سعد وسیم اور چوہدری الیاس شامل تھے۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور 21 اکتوبر کو نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ شہبازشریف نے قائد نوازشریف کے استقبال کی تیاریوں کے لئے پارٹی رہنماﺅں اور کارکنوں کے جذبے کو سراہا۔


اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا سنہرا دور، اِن شاءاللہ پھر واپس آرہا ہے، مہنگائی میں کمی کا آغاز جلد ہونے والا ہے، انشاء اللہ تیز رفتار ترقی کا سفر پھر شروع ہونے کو ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے قوم سے کیا ہروعدہ پورا کیا، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) سے زیادہ عوام کا کوئی ہمدرد نہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قوم سے سچ بولا، دیانتداری سے قوم کی خدمت کی۔

سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے اپنے اپنے علاقوں میں 21 اکتوبر کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
Load Next Story