جونیئر ہاکی پی آئی اے نے پاکستان بورڈ کو ٹھکانے لگا دیا

کسٹمز نے بلوچستان کو3-0 سے زیر کیا، نیشنل بینک نے پنجاب کلر کیخلاف3-1 سے کامیابی حاصل کرلی

کسٹمز نے بلوچستان کو3-0 سے زیر کیا، نیشنل بینک نے پنجاب کلر کیخلاف3-1 سے کامیابی حاصل کرلی۔ فوٹو: فائل

33ویں قومی جونیئر انڈر18 ہاکی چیمپئن شپ میں پی آئی اے نے پاکستان بورڈ کو6-1 سے ٹھکانے لگا دیا۔

آرمی نے پنجاب یلوکو2-0 سے زیر کرلیا، پاکستان کسٹمز نے بلوچستان کو3-0 سے مات دی، نیشنل بینک نے پنجاب کلر پر 3-1 سے غلبہ حاصل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم پر کے ایچ اے کے تحت جاری 33 ویں قومی جونیئر انڈر18 ہاکی چیمپئن شپ میں جمعے کو مزید چار میچز کھیلے گئے، پی آئی اے نے پہلا میچ کھیلنے والے پاکستان بورڈ کو6-1 کی خفت اٹھانے پر مجبورکردیا، فاتح ٹیم کے ابوبکر نے 19ویں اور25 ویں منٹ میں گول اسکورکیے، الیاس احمد نے بھی 24 اور40 ویں منٹ میں گیند کو جال کی نذرکیا، جنید منظور نے26 ویں منٹ اور اظفر یعقوب نے27 ویں منٹ میں گول بنائے ، حریف ٹیم کاواحد گول عامر فاروقی نے میچ کے35 ویں منٹ میں اسکورکیا۔


پاکستان آرمی اور پنجاب یلو کا مقابلہ یکطرفہ رہا،غضنفرعلی نے کھیل کے26 ویں منٹ میں گیندکو جال میں ڈال کرفاتح ٹیم کو1-0کی سبقت دلادی،کرامت علی نے میچ ختم ہونے سے 2 منٹ قبل58 ویں منٹ میں گول اسکورکرکے آرمی کو2-0 کی فیصلہ کن برتری دلائی۔ پاکستان کسٹمز نے آسان حریف بلوچستان کو 3-0 سے میدان بدرکیا، فہد خان نے31 ویں، دائود نے47ویں اور اگلے ہی منٹ میں متین نے پنالٹی کارنر پرگول اسکورکیا، نیشنل بینک نے پنجاب کلر کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-1 سے گھٹنے ٹیکنے پر مجبورکردیا۔

نیشنل بینک کے پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ مبشر نے دو گول اسکورکیے ، تیسرا گول عدیل لطیف نے بنایا۔ پنجاب کلر کی جانب سے واحد گول محمد قاسم نے اسکور کیا، چیمپئن شپ میں ہفتے کوآرام کا دن ہے جبکہ اتوارکو 4 میچزکھیلے جائینگے، بلوچستان کا مقابلہ پاکستان واپڈا سے صبح 7 بجے، سندھ کلر کا سامنا اسلام آباد سے صبح 9 بجے ، پاکستان آرمی کا مقابلہ خیبر پختونخوا سے سہ پہر 3بجے اور پی آئی اے کا ٹکرائو پنجاب وائٹس سے شام 5 بجے ہوگا۔
Load Next Story