افتخاراحمد کی اپنی والدہ سے ٹیم کی کامیابی کیلیےخصوصی دعاؤں کی درخواست

کرکٹر نے رابطہ کیا تھا، ہم سب کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں،انشاء اللہ اس بار بھارت کو شکست ہوگی، اہلخانہ

(فوٹو: فائل)

پشاور سے تعلق رکھنے والے کرکٹر افتخار احمد نے بھارت سے ٹیلی فون پر والدہ سے رابطہ کرکے انہیں ٹیم کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کرنے کا کہا ہے۔

افتخار احمد کے بھائی عبداللہ نے بتایا کہ بھائی نے گزشتہ روز ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا، انہوں نے والدہ سے گفتگو کے دوران ٹیم کی کامیابی کے لیے دعائیں کرنے کا کہا ہے اور ہم سب کی دعائیں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں، انشاء اللہ اس بار بھارت میں قومی پرچم لہرائے گا۔

پشاور سے شائقین کرکٹ نے تمام امیدیں افتخار احمد سے لگا لی ہیں، شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ افتخار نے مشکل وقت میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اگلے میچ میں بھی وہ بھارتی سرزمین پر بھارتیوں کا غرور خاک میں ملائے گا۔

مزید پڑھیں: بھارت کے میچ میں اسٹیڈیم خالی کیوں! ہربھجن ہٹ دھرمی پر اُتر آئے


افتخار احمد کے بھائیوں عبداللہ اور غفران کا کہنا ہے کہ اس بار ورلڈ کپ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم تاریخ بدلے گی اور بھارتی سرزمین پر قومی پرچم لہرائے گا، پوری ٹیم سے ہمیں امید ہے وہ بہتر کھیل پیش کرے گی اور ہمیں افتخار احمد سے بہت زیادہ امیدیں ہیں کہ وہ بھارت کا غرور خاک میں ملائے گا۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ پاک بھارت میچ سے قبل آفریدی نے بابراعظم کیا بات کی؟

بھائیوں نے کہا کہ افتخار احمد کو ہم یہی مشورہ دیں گے کہ وہ بھارت کے خلاف میچ میں لمبی اننگز کھیلیں جو قومی کرکٹ ٹیم کی کامیابی کا سبب بنے۔

افتخار احمد کے ساتھی مامون جان کا کہنا ہے کہ افتخار ورلڈکپ کھیلنے کے لیے بھارت جاتے ہوئے بہت خوش تھے، ہم سب دوست پوری ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا کررہے ہیں اور افتخار کو ہم نے یہی مشورہ دیا ہے کہ وہ پراعتماد ہوکر اور وکٹ پر ٹھہر کر کھیلیں۔
Load Next Story