پراپرٹی ٹیکس سروے 2024 میں شروع کیا جائے گا نگران وزیراعلیٰ سندھ

سیٹلائٹ امیجری ڈیٹا کی خریداری اور سافٹ ویئر کی تیاری بھی مارچ میں مکمل ہو جائے گی، جسٹس (ر) مقبول باقر

نگران وزیر اعلیٰ سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات، عالمی بینک کے معاون پورٹ فولیو پر گفتگو۔ فوٹو: فائل

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس سروے 2024 میں شروع کیا جائے گا۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن ہیسین کی زیر قیادت 12 رکنی اعلیٰ سطح کے وفد نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونیوالی ملاقات میں مجموعی طور پر عالمی بینک کے معاون پورٹ فولیو پر تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین پی اینڈ ڈی شکیل منگینجو نے ورلڈ بینک کی ٹیم کو صوبے میں جاری منصوبوں کی پیش رفت اور مسائل سے متعلق آگاہ کیا، سندھ میں عالمی بینک کے زیر اہتمام 3218.3 ملین ڈالر کے 13 بڑے منصوبے جاری ہیں جن میں سے اب تک 29 فیصد یعنی 947.8 ملین جاری کیے جا چکے ہیں، سندھ سولر انرجی پراجیکٹ (SSEP) پر کام جاری ہے جس کے تحت 34 سائٹس میں سے 33 سائٹس پر سولر انسٹالیشن مکمل ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے گرد گھیرا تنگ، ورکنگ شروع


وزیراعلیٰ نے ورلڈ بینک کے وفد کو یقین دلایا کہ کام میں تاخیر ہوئی ہے لیکن یہ 30 نومبر 2023 تک مکمل ہو جائے گا، مسابقتی و قابل رہائش شہرقائد (CLICK) پراجیکٹ پر بحث کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر میں پراپرٹی ٹیکس سروے میں تاخیر ہوئی اور اب اسے مارچ 2024 میں شروع کیا جائے گا، اس پر شرکاکو بتایاگیا کہ سیٹلائٹ امیجری ڈیٹا کی خریداری اور سافٹ ویئر کی تیاری مارچ میں مکمل ہو جائے گی۔

اجلاس میں کراچی موبیلٹی پروجیکٹ کے تحت جام صادق پل کی تعمیر کا منصوبہ پر بھی بحث ہوا اور بتایاگیاکہ مالیاتی تجاویز کاجائزہ لیا جارہا ہے۔

اجلاس میں سندھ میں سماجی تحفظ کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیاگیاکہ جلد سیکریٹری محکمہ سماجی ترقی کو پوسٹ کیا جائے تاکہ اس منصوبے کو شروع کیا جا سکے۔
Load Next Story