ملازمین کیلیے بونس اور انکریمنٹ سے متعلق خبروں پر پی آئی اے کی وضاحت

انکریمنٹ اور بونس کا اطلاق یکم اکتوبر 2023 سے ہوگا

فائل فوٹو

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے ملازمین کو انکریمنٹ اور بونس دینے کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا۔

دعویٰ کیا گیا تھا کہ قومی ائیرلائن انتظامیہ کی جانب سے بونس کا اعلان اپریل تا ستمبر 2023 کے دوران مثبت مالی نتائج کیلئے ملازمین کی کاوشوں کے اعتراف میں کیا گیا ۔ انکریمنٹ اور بونس کا اطلاق یکم اکتوبر 2023 سے ہوگا،بونس کا اطلاق 2022 میں ادا کئے گئے بونس کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا۔

بتایا گیا تھا کہ علاوہ ازیں تنخواہوں میں اضافہ 31 مارچ 2023 کی تنخواہ کے 5سے 10 فیصد پر مشتمل ہوگا، اکتوبر 2023 یا اس سے قبل کمپنی چھوڑنے کا نوٹس دینے والے ملازمین بونس کےاہل نہیں ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ''پی آئی اے کا مجموعی خسارہ 713 ارب روپے ہے،35 میں سے 15طیارے گراؤنڈ ہیں''


دعویٰ کیا گیا تھا کہ 1 اپریل 2022 سے 30 ستمبر 2023 کے دوران میں نئے بھرتی، ترقی یا تنخواہ میں اضافہ پانے والے ملازمین بھی انکریمنٹ کے اہل نہیں ہیں جن ملازمین کے تادیبی کیس زیر التواء ہیں وہ بھی بونس کے اہل نہیں ہوں گے۔

پی آئی اے کی وضاحت

دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان نے میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کے ساتھ ساتھ میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والے جعلی خطوط اور ای میل پیغامات کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پی آئی اے اپنے ملازمین میں تنخواہوں کے بونس تقسیم کر رہی ہے۔ یہ معلومات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں اور پی آئی اے کے ملازمین اور عام عوام دونوں کو گمراہ کرنے ایک مذموم کوشش ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے ایک ذمہ دار ادارہ ہے اور اس کو درپیش موجودہ مالیاتی چیلنجز کے پیش نظر ایسی بے بنیاد معلومات پھیلانا اس قومی ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے۔ ایسی جعلی خبروں کو شیئر کرنے، شائع کرنے یا پھیلانے سے پہلے ادارے کے ترجمان سے درست معلومات کے لئے رابطہ کرنا چاہئے تاکہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے درست معلومات عوام الناس تک پہنچائی جائیں۔
Load Next Story