ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن ترقی کی نئی دُنیا

تیزی سے بدلتی ہوئی مصنوعی دُنیا، میں خود کو بدل کر حقیقی کام یابی حاصل کریں

تیزی سے بدلتی ہوئی مصنوعی دُنیا، میں خود کو بدل کر حقیقی کام یابی حاصل کریں ۔ فوٹو : فائل

تبدیلی ایک ایسی منفرد چیز ہے جو انسانی بقاء کے لیے لازمی ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ معاشرہ بدلتا ہے لیکن ٹیکنالوجی نے اس تبدیلی کو بہت تیزرفتار بنادیا ہے۔ ہماری زندگی، کام کاج اور رہنے سہنے کے طور طریقے ٹیکنالوجی کے استعمال پر منحصر ہیں۔ ہماری سوچیں، عادات اور وقت کا استعمال ٹیکنالوجی کی مرہون منت ہوگیا ہے۔

انٹرنیٹ کے بعد سوشل میڈیا خاص طور پر ڈیجیٹل میڈیا نے ہماری زندگی اور کام کے طور طریقوں کو مکمل طور پر بدل دیا ہے۔ یہ تبدیلی شاید اتنی تیزرفتار نہ ہوتی لیکن کووڈ 19 نے اس تبدیلی کی رفتار کو دگنا کر دیا ہے۔ آج ہم ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے دور میں زندہ ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ اس مصنوعی ٹیکنالوجی نے ہماری حقیقی زندگیوں کو یکسر بدل دیا ہے۔

آئی ٹی، تعلیم اور کارپوریٹ سیکٹر میں ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کا عمل دخل بہت زیادہ ہوا ہے۔ آج اس مضمون میں ہم اس اہم موضوع پر گفتگو کریں گے اور جانیں گے کہ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کیسے ہماری انفرادی، اجتماعی اور پیشہ ورانہ زندگی میں کام یابی کے لیے اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن میرا پسندیدہ موضوع ہے اور میں اس کو بڑی دل چسپی سے پڑھتا ہوں، سکھاتا اور لکھتا ہوں۔ میں گذشتہ پانچ سال سے پاکستان کے مختلف تعلیمی اداروں اور کارپوریٹ سیکٹر کے افراد کو ٹریننگ، کنسلٹیشن اور راہ نمائی دے رہا ہوں۔

ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کیا ہے اور کیوں ضروری ہے؟

ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن موجودہ نظام کو نئے انداز سے تخلیق کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو استعمال کرنے کا عمل ہے، جس میں موجودہ کاروباری عمل کو مزید شفاف بنانے، صارفین کے تجربات کو بدلتے ہوئے وقت اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق پورا کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہوتا ہے۔

ڈیجیٹل دور میں کاروبار کا یہ تصور ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کہلاتا ہے۔ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن اس لیے ضروری ہے کہ ٹیکنالوجی نے بہت ترقی کی ہے اور انسانوں کا کام بہت آسان کردیا ہے۔ ڈیٹا کی سہولت سے آپ اپنا قیمتی وقت اور سرمایہ بہترین جگہ پر استعمال کرسکتے ہیں۔ اس ضمن میں یہ بات نہایت اہم ہے کہ ہم ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کی اہمیت اور اس کے بھرپور استعمال سے مکمل طور پر آگاہ ہوں اور جدید ٹولز، ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجی کا بھرپور استعمال جانتے ہوں۔

اس مضمون میں، میں سات اہم نکات بیان کروں گا جو میں اکثر اپنی ٹریننگ، کنسلٹیشن اور ورکشاپ میں بتاتا ہوں۔ آپ ان نکات پر عمل کرکے اپنی ذات اور اپنے کاروبار کو ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کا حصہ بنا سکتے ہیں۔ یہ نکات میرے پانچ سال کے تجربے، مختلف ٹریننگ سیشنز، کتابوں کے مطالعے اور ماہرین سے گفتگو کا نچوڑ ہیں۔

ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کو تسلیم کرنا

سب سے اہم اور بنیادی پہلو ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کی اہمیت کو تسلیم کرنا ہے کہ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے بغیر ہماری کام یابی اور ترقی ادھوری ہے۔ مجھے حیرت ہوتی ہے کہ اب بھی بہت سارے لوگ اور ادارے ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کی اہمیت اور افادیت سے اور کسی حد تک اس کی حقیقت کو تسلیم کرنے سے بھی قاصر ہیں۔

دُنیا جس تیزرفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے ہمیں وقت ضائع کیے بغیر ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کو بھرپور طریقے سے استعمال کرنا ہے۔ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے موثر استعمال کے لیے کے لیے لازمی امر ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے متعلق ٹیکنالوجی اور میڈیم کا بھرپور استعمال ہے لیکن اس سے کہیں اہم اپنے اسٹاف کی تربیت ہے۔

اسٹاف کی تربیت اور صلاحیتوں کا نکھارنا

بہت سارے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ بہترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر آپ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن سے صحیح، حقیقی اور دیرپا نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے آپ کے اسٹاف کی تربیت اور ذہنیت کی درستی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

اگر آپ کاا سٹاف تربیت یافتہ اور اسکلزفل نہیںہے اور اس ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے کے لیے تیار نہیں، تو آپ جتنی مرضی بہترین اور مہنگی اور اپ ٹو ڈیٹ ٹیکنالوجی اور ٹولز خرید لیں۔ آپ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن سے حقیقی طور پر استفادہ نہیں حاصل کر سکیں گے۔

صحیح وقت پر صحیح لوگوں اور ٹیکنالوجی کا درست استعمال

ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے لیے صحیح وقت پر صحیح ٹیم اور ٹیکنالوجی کا انتخاب کرنا ایک اہم فیصلہ ہے۔ بہت سارے لوگ اور ادارے اس بات میں بنیادی غلطی کرتے ہیں کہ وہ صحیح وقت پر صحیح فیصلے نہیں کرپاتے ہیں اور ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے لیے صحیح لوگوں کا انتخاب کرنے سے بھی قاصر ہوتے ہیں۔

ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے لیے ماہرین کی خدمات لینا، کسی ماہر سے مختلف تجاویز لینا اور اپنے اسٹاف کو ذہنی طور پر تیار کرنا انتہائی اہم امر ہے، کیوںکہ جس رفتار سے ٹیکنالوجی تبدیل ہوتی ہے اس کے لیے تربیت اور ماہر کی راہ نمائی انتہائی ضروری ہے ورنہ آپ اپنا وقت، سرمایہ اور ٹیم کو ضائع کردیں گے۔

مستقبل میں کام یابی کے لیے مسلسل کوشش کریں

ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے اور وقت پر فیصلے کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ خطرہ مول لینے کی کوشش کریں۔ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن میں آپ کی بروقت فیصلہ کرنے کی صلاحیت کام یابی کی ضمانت ثابت ہوتی ہے۔ بہت سارے لوگ اور ادارے وقت پر فیصلہ نہ کرنے کی وجہ سے ٹیکنالوجی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ جاتے ہیں۔

اگر آپ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن میں جرأت کا مظاہرہ نہیں کریں گے تو آپ دُنیا سے بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن آپ کو اور آپ کے ادارے کو آگے لے کر جانے اور کام یابی کی دوڑ میں دُنیا کے ساتھ ملانے کے لیے انتہائی اہم اور بہترین سہولت ہے۔

ٹیکنالوجی لائیں، ترقی پائیں


ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کا مقصد آپ کو اور آپ کے ادارے کو فائدہ پہنچانا اور آپ کے کسٹمرز کو آسانی فراہم کرنا ہے۔ اس کا ہرگز مطلب کسی آسائش یا شارٹ کٹ کو حاصل کرنا نہیں، بلکہ یہ آپ کے کام کے معیار کو بہتر بنانے، تیزرفتار اور محفوظ بنانے کا عمل ہے۔ وہ لوگ اور ادارے جنہوں نے ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے مطابق خود کو ڈھالا ہے، وہ آج بڑی تیزی سے ترقی کی سفر پر گام زن ہیں۔

مکمل نظام کو بدلیں

ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے لیے آپ کی سوچ، مقصد اور مستقبل کے منصوبوں کا ہم آہنگ ہونا انتہائی ضروری ہے۔ اس لیے آپ کے ادارے کا مقصد ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے عمل کے ساتھ ہم آہنگ ہونا بھی ضروری ہے۔

بہت سارے لوگ اور ادارے یہ بنیادی غلطی کرتے ہیں کہ وہ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کو اپنے کاروبار کا صرف ایک حصہ سمجھتے ہیں جب کہ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن آپ کے پورے ادارے اور کاروبار کا لازمی حصہ ہے۔ اس عمل کو اپنے سارے نظام کے ساتھ منظم کریں اور اپنی کارکردگی اور فیصلہ سازی کی صلاحیت کو بہتر بنائیں۔

محدود رہنے سے محفوظ رہیں

ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن آپ کو اور آپ کے کاروبار کو بلکہ اپنے کسٹمرز اور اپنی مارکیٹ کو سمجھنے اور اسے کنٹرول کرنے اور بہتر بنانے کی صلاحیت دیتا ہے۔ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن آپ کو کسی بھی طرح سے محدود رہنے سے محفوظ رکھتا ہے۔



آپ عالمی سطح پر اپنی مارکیٹ کو وسعت دے سکتے ہیں۔ اگر آپ نے منظم ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کا عمل اپنایا ہے، تو آپ کا ادارہ آپ کے کسٹمر، ملازمین سب اس تبدیلی سے فائدہ اٹھائیں گے۔ یہ انتہائی اہم اور مناسب وقت ہے کہ ہم اپنی انفرادی، تعلیمی اداروں اور کارپوریٹ سیکٹر میں ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اسے اپنائیں اور اس کے ذریعے اپنی ترقی کے سفر کو مزید تیز کریں۔

یہ سات نکات صرف سطحی عمل ہیں جب کہ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن ایک انتہائی سنجیدہ اور وقت طلب کام ہے۔ اس عمل کی کام یابی کے لیے بہت وقت، محنت، مہارت اور سرمایہ درکار ہوتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے بے شمار مسائل کا حل ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن میں پوشیدہ ہے۔ یہ عمل ہمارے اداروں کی کارکردگی کو شفاف، بہتر، موثر اور ناقابل یقین حد تک آسان اور عام فہم بنا دے گا۔

پاکستان کے کئی سرکاری اور پرائیویٹ اداروں میں یہ عمل بڑی کام یابی سے جاری ہے لیکن اس عمل میں سب سے بڑی رکاوٹ بنیادی سہولیات کا فقدان، ٹیکنالوجی کے متعلق محدود سوچ، لوگوں کی تعلیم وتربیت اور انسانی رویے ہیں۔

ہمارے عام لوگوں سے شروع کرکے بہت بڑے بڑے اداروں میں ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کی حقیقی رُوح کو عملی طور پر اپنا یا نہیں گیا ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے جس کے لیے ہمیں اب بھرپور، منظم اور ہنگامی بنیادوں ہر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان کے اکثر اداروں میں نوجوانوں کی بہت کم تعداد فیصلہ سازی کی پوزیشن پر کام کررہی ہے اس لیے عمر میں بڑھے لوگ جنریشن گیپ کی وجہ سے ٹیکنالوجی کے استعمال میں ہچکچاہٹ کا شکار رہتے ہیں، جب کہ دوسری جانب نوجوانوں نسل اور بچے موبائل فون، سوشل میڈیا ایپس اور انٹرنیٹ سے بڑی حد تک واقف ہیں لیکن وہ اس کا صیح استعمال نہیں کر رہے ہیں۔ اس لیے گھروں میں والدین، اسکولوں میں اساتذہ اور طالب عملوں اور کام کی جگہ پر ملازمین کو اس کی اہمیت، درست استعمال اور اثرات سے روشناس کروانا چاہیے۔

اس ضمن میں اب بہت کام کیا جارہا ہے۔ اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OICCI) نے پاکستانی حکومت کو 2022 میں50 صفحات پر مشتمل ایک اکانومی رپورٹ پیش کی جس کا عنوان ''پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے لیے سفارشات'' ہے۔

اس کے ایک باب ''ڈیجیٹل تبدیلی کے اثرات'' میں بیان کیا گیا ہے کہ ''جس ملک کی آبادی 225 ملین ہے جس میں سے 38 فی صد سے زیادہ 25 سال سے کم آبادی ہے، ایسی صورت حال میں پاکستان اپنا موثر کردار ادا کرنے کے لیے اچھی پوزیشن میں ہے۔ اگلی دہائی میں عالمی ڈیجیٹل معیشت میں پاکستان کا کردار نہایت اہم ہے۔

توقع ہے کہ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کا انقلاب ملک کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ معیشت اور تمام شعبوں میں ترقی کے نہ ختم ہونے والے امکانات روشن ہیں۔ اگر پوری طرح سے اس تبدیلی سے فائدہ اٹھایا جائے تو ڈیجیٹل انقلاب آسکتا ہے۔

پاکستان میں معاشی قدر 2030 پیداواری فوائد پیدا کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ آمدنی میں اضافہ، لاگت کی بچت، نئی صنعتوں کا قیام اور صنعتی طبقات اور جی ڈی پی میں اضافہ پہلے سے ثابت شدہ اثرات کے ساتھ، اب ڈیجیٹل دُنیا کو اپنانا زیادہ اہم ہو گیا ہے۔ ملک میں بہتری لانے کے لیے، وبائی امراض کے بعد کا مستقبل اور اس کا خاتمہ یقینی بنانے اور عام آدمی کے اقتصادی حالات کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔''

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس سال کے شروع میں ایک ڈیجیٹل ٹیکنالوجی وفد سے ملاقات میں کہا تھا،''ڈیجیٹل تبدیلی ٹیکنالوجی کی ترقی اور بڑھوتری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا پاکستان کے وژن کا مرکز ہے۔''

ایمیزون کے ایگزیکٹو چیئرمین جیف بیزوس کا کہنا ہے کہ ''ڈیجیٹل تبدیلی کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ دُوراندیش بصیرت رکھنے والی کمپنیاں اپنے لیے نئے اسٹریٹجک آپشنز تیار کریں گی، جواس تبدیلی کو نہیں اپنائیں گی وہ ناکام ہو جائیں گی۔''

ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ٹیکنالوجی سے گھبرانے اور پریشان ہونے کی بجائے اس سے استفادہ کریں۔ ٹیکنالوجی کے درست استعمال اور اس کی افادیت کو فعال بناکر اپنی تخلیقی اور انتظامی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔

یاد رکھیں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی ہماری زندگیوں کا حصہ بن چکی ہے۔ اس لیے زندگی میں اس کے بغیر کام یابی اور دیرپا ترقی ناممکن ہے۔ اس لیے اس تیزرفتار دُنیا میں ٹیکنالوجی کے ساتھ خود کو بدلیں تاکہ آپ تبدیلی کے سفر میں کام یابی سے ہمکنار ہو سکیں۔ واضح رہے کہ مستقبل ہمیشہ اُن کا روشن ہوتا ہے جو آج اپنی شمع روشن رکھنے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔
Load Next Story