آسٹریلیا اور سری لنکا کو لازمی فتح کی تلاش

دونوں کے درمیان آج مقابلہ، ایڈم زمپا کو الیون میں جگہ بچانے کا چیلنج درپیش

انجرڈ ڈاسن شناکا کی عدم موجودگی آئی لینڈرز پر بھاری پڑنے کا خدشہ ظاہر۔ فوٹو: ایکسپریس ویب

ورلڈ کپ میں پیر کو آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

کینگروز ، پروٹیز اور بھارت سے ملنے والی شکستوں کے بعد بپھرے ہوئے شیر کی مانند آئی لینڈرز پر ٹوٹ سکتے ہیں، ادھر سری لنکا بھی پاکستان سے ہار کے بعد اعتماد بحالی کا عزم لیکر میدان میں اترے گی۔

ڈوسان شناکا انجرڈ ہوکر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے، چمیکا کرونارتنے بطور متبادل طلب کرلیے گئے ہیں، 5 بار کی چیمپئن آسٹریلیا کے لیے اس بار ورلڈ کپ کی شروعات انتہائی مایوس کن ہیں، ایونٹ میں واپسی کیلیے انھیں لازمی فتح درکار ہے۔


یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ، افغانستان نے انگلینڈ کو 69 رنز سے ہرادیا

پیٹ کمنز الیون جدوجہد کرتی دکھائی دے رہی ہے، بھارت سے ابتدائی ناکامی کے بعد آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کیخلاف الیکس کیری کو بٹھادیا تھا، ٹریوس ہیڈ بھی ابھی تک انھیں دستیاب نہیں ہوئے ہیں، ابتدائی دو میچز میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن 200 تک بھی نہیں پہنچ پائی ہے، 2022 کے وسط میں منعقدہ باہمی سیریز میں سری لنکا نے آسٹریلیا کو 2-3 سے قابو کیا تھا۔

آسٹریلوی ٹیم میں ایڈم زمپا کی جگہ خطرے میں ہے، جو ابھی تک کوئی خاص پرفارمنس نہیں پیش کرپائے ہیں، اسی طرح سری لنکا کو بھی کوشل مینڈس کی انجری سے نقصان پہنچ سکتا ہے، جنھوں نے اپنی گذشتہ تین اننگز میں مجموعی طور پر 356 رنز جوڑے تھے، پاکستان کیخلاف کوشل نے 77 بالز پر 122 رنز بٹورے تھے۔

آسٹریلیا کی جانب الیون برقرار رکھے جانے پر جوش انگلیز وکٹ کیپر رہیں گے، آسٹریلیا اسی میدان پر جنوبی افریقہ سے یہاں کھیل چکا ہے، گرمی متوقع ہے، 1996 کے فائنل میں کامیابی کے بعد سے سری لنکا آسٹریلیا کیخلاف ورلڈ کپ کے 7 مقابلوں میں ناکام رہا ہے۔
Load Next Story