رضوان سے غلط بیان منسوب کرنے پر آسٹریلوی کپتان کا بھارتی صحافی کو ٹکا سا جواب

بھارتی صحافی کی تنازع کھڑا کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی

(فوٹو: ایکسپریس ویب)

بھارتی صحافی کی پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان سے غلط بیان منسوب کرکے آسٹریلوی کپتان سے اپنی مرضی کا جواب لینے کی کوشش ناکام ہوگئی۔

بنگلورو میں جمعرات کو پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں بھارتی صحافی نے محمد رضوان سے جھوٹا بیان منسوب کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنزسے سوال کیا کہ محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف پاکستان کی جیت حماس کے نام کی تھی۔ کیا کرکٹ میں اس طرح کے بیانات ضروری ہیں یا آپ اسے کھیل کو سیاست زدہ کرنا سمجھتے ہیں؟۔

مزید پڑھیں: پاکستانی کرکٹرز کا فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی

واضح رہے کہ محمد رضوان نے پاکستان کی جیت حماس نہیں بلکہ غزہ کے بہن بھائیوں کے نام کی تھی تاہم بھارتی صحافی نے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے اسے حماس سے منسوب کرکے تنازع پیدا کرنے کی کوشش کی تاہم پیٹ کمنز نے اُسے وہ جواب نہیں دیا جو وہ چاہتا تھا بلکہ ٹکا سا جواب دیکر مایوس کردیا۔

مزید پڑھیں: رضوان کے فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی پر صہیونی ریاست آگ بگولہ

آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ '' مجھے لگتا ہے مجھ تک آدھی بات پہنچی ہے لیکن ہاں مجھے کھیلوں کے لوگوں کو دیکھنا، ان کی شخصیتوں کو سامنے لانا پسند ہے البتہ یہ کوئی بہت مضبوط خیالات نہیں ہیں''۔
Load Next Story