پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش گرفتار

آئی جی نے پشاور ہائی کورٹ کو پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن پھر بھی گرفتار کیا گیا

(فوٹو : فائل)

تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی خیبر پختون خوا کی پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار نہ کرنے کی پشاور ہائی کورٹ کو کی گئی یقین دہانی کے باوجود تحریک انصاف کے رہنما اور سابق خیبر پختون خوا حکومت کے صوبائی وزیر کامران بنگش کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

اطلاعات ہیں کہ کامران بنگش کو موٹروے ٹول پلازا کے قریب ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا، کامران بنگش کو گھر میں موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی اور چھاپے کے دوران لیڈی پولیس بھی ان کی رہائش گاہ میں داخل ہوئی۔


پولیس کے مطابق انہیں نو مئی کی ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے، ان کے خلاف تھانہ کابلی میں نومئی کے واقعات میں ملوث ہونے کا مقدمہ درج تھا۔

یہ پڑھیں : پی ٹی آئی رہنماؤں کی بار بار گرفتاری پر پشاور ہائی کورٹ برہم

واضح رہے کہ تین روز قبل منگل 17 اکتوبر کو پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی بار بار گرفتار پر برہمی کا اظہار کیا تھا جس پر آئی جی اور چیف سیکریٹری کے پی نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار نہیں کیا جائے گا اگر کوئی بات ہوگی تو عدالت سے رجوع کیا جائےگا تاہم آج پھر ایک رہنما کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما عرفان سلیم کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا ہے تاہم عرفان سلیم گھر پر نہ ہونے کے سبب گرفتاری سے بچ گئے۔
Load Next Story