مانسہرہ طالبہ زیادتی کیس کے تینوں ملزمان 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

آئندہ سماعت پر عدالت میں ملزمان سمیت کیس کی تحقیقاتی رپورٹ بھی پیش کی جائے، عدالت کی پولیس کو ہدایت

قاری نصیر، حسین اور فیضان نے گاڑی میں طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مانسہرہ میں طالبہ سے زیادتی کرنے والے تینوں ملزمان کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالےکردیا۔


مانسہرہ پولیس نے گزشتہ ہفتے کالج کی طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے تینوں ملزمان قاری نصیر، فیضان عرف فیضی اور حسین کو سخت سیکیورٹی میں ایبٹ آباد میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا اس کے علاوہ عدالت کے اطراف پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی تھی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ مقدمے میں ملوث ملزمان سے تفتیش جاری ہے اس لئے عدالت انھیں 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرے، عدالت نے ملزمان کو 10 روز کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالےکرتے ہوئے ہدایت کی آئندہ سماعت میں ملزمان کو کیس کے چالان سمیت پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مانسہرہ میں کالج کی ایک طالبہ کو اس کی سہیلی گھر چھوڑنے کا کہہ کر اسے اپنے ساتھ گاڑی میں لے گئی تھی جہاں اسے 3 افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزمان کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ چلایا جارہا ہے۔
Load Next Story