کراچی میں 32 ہزارمفرور و اشتہاری ملزمان پولیس کی گرفت سے باہر

29 ستمبر 2023 سے 16 اکتوبر 2023 تک پولیس کارکردگی رپورٹ جمع کرائی گئی جوکہ پولیس کی کارکردگی کاپول کھولتی نظرآتی ہے

—(فوٹو: فائل)

پولیس سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری میں ناکام ہے، کراچی میں32 ہزار سے زائد مفرور و اشتہاری ملزمان پولیس کی گرفت میں نہیں آسکے۔

آئی جی سندھ کی زیر صدارت سندھ بھر میں مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس میں تین اجلاس ہوچکے ہیں مگر گرفتاریوں کی شرح انتہائی کم ہونے پر آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے برہمی کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں 10 ہزار 217 ملزمان اشتہاری ہیں اور 22ہزار 757ملزمان مفرور ہیں، ساؤتھ زون میں 3 ہزار 553 سے زائد ملزمان اشتہاری، ایسٹ زون میں 5 ہزار 292 اشتہاری موجود ہیں، ویسٹ زون میں 1 ہزار 372 سے زائد ملزمان اشتہاری ہیں جن کی گرفتاری میں کراچی پولیس ناکام ہے۔


مفرور ملزمان کی بات کی جائے تو ساؤتھ زون میں 9822 ملزمان مفرور ہیں، ایسٹ زون میں 10099 ملزمان مفرور ہیں اور ویسٹ زون میں 2 ہزار 836 ملزمان مفرور ہیں، کراچی پولیس نے سینٹرل پولیس آفس میں 29 ستمبر 2023 سے 16 اکتوبر 2023 تک کارکردگی رپورٹ جمع کرائی ہے جو کہ پولیس کی کارکردگی کا پول کھولتی نظر آتی ہے۔

کراچی پولیس کی رپورٹ کے مطابق ڈیپارٹمنٹ نے سنگین جرائم میں ملوث 26 اشتہاری اور 64 مفرور ملزمان کو گرفتار کیا ہے، 16 اشتہاری اور 41 مفرور ضمانتوں پر ہیں، اسی طرح دوسری کیٹگری یعنی فنانشل کرائم سمیت دیگر جرائم میں ملوث 160 اشتہاری اور 721 مفرور ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 92 اشتہاری و 660 مفرور ملزما ن ضمانتوں پر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شہر کراچی میں رواں سال اب تک 110 سے زائد افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیے جاچکے ہیں جبکہ کراچی پولیس چیف کی نئی ٹیم بھی امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے یا اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کو نکیل ڈالنے میں ناکام ہے۔
Load Next Story