نواز شریف کی سزا معطلی فیصلے ایسے ہونے ہیں تو عدالتوں کو تالے لگا دیں پی پی پی

نگراں حکومت کا نواز شریف کی سزا معطل کرنا بھونڈا طریقہ ہے، رہنما پی پی حسن مرتضیٰ

(فوٹو : فائل)

نگراں حکومت پنجاب کی جانب سے نواز شریف کی سزا معطل کرنے پر پیپلز پارٹی رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ اگر ایسے ہی فیصلے ہونے ہیں تو عدالتوں کو تالے کیوں نہیں لگا دیے جاتے؟

رہنما پی پی نے نواز شریف کو لاڈلا پلس بلکہ عمران پلس بننے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی نگراں حکومت کا نواز شریف کی سزا معطل کرنا بھونڈا طریقہ ہے۔


انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت ہر وہ کام کر رہی ہے جو اسے نہیں کرنا چاہیے، نگراں حکومت مجرموں کو ریلیف دینے نہیں بلکہ الیکشن کروانے آئی تھی اور نواز شریف کی سزا معطلی کی منظوری دینا نگراں پنجاب کابینہ کا کام نہیں۔

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نگراں حکومت کی اس جانبداری کا نوٹس لے کیونکہ ابھی سے صاف نظر آ رہا ہے کہ عمران خان پلس کے لیے میدان سجایا جا رہا ہے۔

رہنما پی پی نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں پڑے اور کتنے مجرموں کی سزا پنجاب کی نگراں کابینہ نے معطل کی؟ انوکھا لاڈلا کھیلن کو چاند مانگے گا تو کیا نگراں حکومت اُسے چاند لا کر دے گی؟ نگراں حکومت کو باقی قیدیوں کی سزا بھی معطل کر دینی چاہیے انکا حق نواز شریف سے زیادہ ہے۔
Load Next Story