لاہور شہریوں کو اغوا کرکے تاوان لینے والا پولیس افسر گرفتار

سب انسپکٹر اشتیاق نے اہلکاروں کے ساتھ مل کر نوجوان کو اغوا کرکے 6 لاکھ روپے تاوان وصول کیا تھا، پولیس

فوٹو: فائل

شہریوں کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنے والے پولیس افسر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انچارج انویسٹی گیشن نیو انارکلی پولیس اشتیاق انور شہریوں کو اغوا کرکے ان سے تاوان وصول کرتا تھا جسے پولیس نے ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر اشتیاق نے ساتھی اہل کاروں کے ساتھ مل کر شہری احمد نواز سندھو کو اغوا کیا، اور اعلیٰ افسران کا نام استعمال کرتے ہوئے اسے پولیس مقابلے میں مارنے کی دھمکی دی۔

بعدازاں احمد نواز سندھو کے والد اسلم سندھو سے چھ لاکھ تاوان لے کر نوجوان کو رہا کردیا گیا۔


اسلم سندھو کے رجوع کرنے پر شمالی چھاؤنی پولیس نے انچارج انویسٹی گیشن اشتیاق انور کو ساتھی اہل کاروں سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر سمیت اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں اینٹی کرپشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔

 

 
Load Next Story