اسرائیل فلسطین کشیدگی فیصل قریشی کا سالگرہ نہ منانے کا اعلان

فیصل قریشی 26 اکتوبر کو اپنی سالگرہ مناتے ہیں

فیصل قریشی کا فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی: فوٹو ویب ڈیسک

معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے اسرئیلی بمباری کے شکار فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے رواں سال اپنی سالگرہ نہ منانے کا اعلان کیا ہے۔

فلسطینی حریت پسند تنظیم حماس کے اسرائیل پر تاریخی اور حیران کن حملے کے بعد سے اسرائیلی افواج کی غزہ پر بمباری جاری ہے، اسرائیلی افواج بلاامتیاز رہائشی عمارتوں، اسپتالوں، مساجد، خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنارہی ہیں جس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔

حماس کے حملوں کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر کے نامور فنکار اور مشہور شخصیات فلسطین کے حق میں اپنی آواز بُلند کرتے نظر آرہے ہیں اور فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ بھی کررہے ہیں۔

اس صورتحال میں فیصل قریشی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنے مداحوں، دوستوں اور خاندان والوں کے لیے اسٹوری پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے اہم اعلان کیا۔



فیصل قریشی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ "غزہ کی موجودہ صورتحال اور ہمارے اردگرد کی دُنیا کو دیکھتے ہوئے، میں نے رواں سال اپنی سالگرہ نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے"۔


مزید پڑھیں: معروف ہالی ووڈ‌ اداکارجیسن سٹیتھم نے اپنی گاڑی پرفلسطینی پرچم لگا لیا

اداکار نے اپنے مداحوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "آپ اپنا ہر ایک لمحہ فلسطین کے لیے دُعا میں گُزاریں، غزہ میں جنگ بندی کے لیے دُعا کریں"۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ "اللہ ہم سب کو ایک پُرامن دنیا عطا فرمائے اور آپ سب مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں"۔

یاد رہے کہ فیصل قریشی 26 اکتوبر کو اپنی سالگرہ مناتے ہیں، وہ 26 اکتوبر 1973 میں لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: فلسطین کی حمایت پر ماہرہ خان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ "شیڈوبین" ہوگیا


واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر مسلسل 24 گھنٹے جاری بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 700 سے زائد ہوگئی جس کے باعث غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 5800 کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ 16 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

Load Next Story