کراچی شادی کے گھر میں ایک کروڑ سے زائد کی چوری

پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلیے کارروائی کی تو ایک ملزم ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار ہوا

گھر میں چوری کی واردات کے بعد گھر کا سامان بکھرا پڑا ہے (فوٹو ایکسپریس)

شہر قائد کے علاقے سچل اسکیم 33 گلستان ہاؤسنگ سوسائٹی میں شادی والے گھر میں چوری کی واردات میں ملزمان ایک کروڑ سے زائد مالیت کی نقدی ، غیر ملکی کرنسی اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے.

تفصیلات کے مطابق سچل پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے واردات میں استعمال کی جانے والی کرایے کی گاڑی کا سراغ لگایا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے گلستان جوہر میٰں چھاپہ مارا تو ملزمان فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ دوسرے کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور تیسرے ساتھی کی تلاش جاری ہے۔

سچل پولیس کے مطابق چوری کی واردات منگل اور بدھ کی رات کی گئی ، متاثرہ خاندان منگل کو بارات لیکر شاہراہ فیصل پر قائم شادی ہال گیا اور جب سب واپس آئے تو پورے گھر کا سامان بکھرا ہوا پڑا تھا جبکہ شادی کی تقریب میں بیرون ملک سے بھی مہمان آئے ہوئے تھے۔


پولیس نے سی سی فوٹیجز کی مدد سے واردات میں استعمال کی گئی کار کا نمبر حاصل کیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق چوری کی واردات میں 25 ہزار امریکی ڈالرز ، 2 ہزار کینیڈین ڈالرز ، ایک ہزاریورو ، 12 طلائی چوڑیاں ، 9 طلائی سیٹ، 4 ہیرے کی انگوٹھیاں اور 8 لاکھ روپے نقدی چوری کی گئی جبکہ چوری کی گئی رقم اور طلائی زیورات کی کل مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔

اس حوالے ایس ایچ او سچل انسپکٹر اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ پولیس چوری کی واردات میں استعمال کی جانے والی کار کے اصل مالک تک پہنچ گئی اور ان کی جانب سے فراہم کی گئی معلومات پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لیا۔ بعد ازاں چوری کی واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے شاہراہ فیصل پولیس کے ہمراہ گلستان جوہر بلاک 19 میں ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی تاہم جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ دوسرے کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ تیسرا ملزم موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شادی والے گھر میں امریکا اور کینیڈا سے بھی مہمان آئے ہوئے تھے اور ان کے آنے جانے کے لیے آن لائن ٹیکسی کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔

ایس ایچ او شاہراہ فیصل راجہ طارق نے بتا یا کہ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت راشد کے نام سے کی گئی جو کہ لاہور شاہ پور کا جبکہ گرفتار زخمی ملزم یاسر شیخوپورا کا رہائشی ہے ْ انھوں نے بتایا کہ ہلاک اور گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں جو کہ گڈاپ سٹی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل بھی جا چکے ہیں اور ایک ماہ قبل جیل سے ضمانت پر رہا ہو کر آئے تھے جبکہ ملزمان کے قبضے سے پولیس نے اسلحہ برآمد کرلیا۔
Load Next Story