کراچی ریجن نے قائداعظم ٹرافی جیت لی سرفراز احمد پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار

فائنل میں کراچی وائٹس نے فیصل آباد ریجن کو 456 رنز سے شکست دی

فوٹو: پی سی بی

کراچی ریجن وائٹس نے سرفراز احمد کی قیادت میں قائداعظم ٹرافی 24-2023 جیت لی۔

کراچی وائٹس کے کپتان سرفراز احمد ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جنہوں نے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر697 رنز اسکور کیے اور وکٹوں کے پیچھے 1 اسٹمپڈ اور 27 کیچز پکڑے۔ کراچی وائٹس کے صائم ایوب فائنل کے بہترین کرکٹر قرار پائے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری ( 203) اور دوسری اننگز میں سنچری (109) اسکور کی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے فائنل میں کراچی وائٹس نے فیصل آباد ریجن کو 456 رنز سے شکست دیدی۔ کراچی ریجن وائٹس نے فیصل آباد ریجن کو 790 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن فیصل آباد کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 333 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

میچ کے پانچویں اور آخری دن فیصل آباد نے اپنی دوسری اننگز 129 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو اسے جیتنے کے لیے مزید 661 رنز درکار تھے۔ کپتان فہیم اشرف اور علی اسفند اسکور میں 84 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے۔ علی اسفند 15 اور خرم شہزاد 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
Load Next Story