امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ ارب پتی بن گئیں

ٹیلر سوئفٹ کے 5 گھر ہیں جن کی مالیت 11 کروڑ ڈالرز ہے

ٹیلر سوئفٹ نے اپنے میوزک کانسرٹ کے ٹکٹوں کی فروخت سے 37 کروڑ ڈالرز کمائے: فوٹو ویب ڈیسک

عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ بھی ارب پتی بن گئی ہیں جس کے بعد وہ بھی اب اُن ارب پتی فنکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں جو اپنے بہترین کام کی وجہ سے ارب پتی بنے۔


بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 33 سالہ ٹیلر سوئفٹ کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 1.1 ارب ڈالرز ہوگئی ہے، گلوکارہ نے اپنی دستاویزی فلم "ٹیلر سوئفٹ: دی ایراز ٹور" سے ریکارڈ توڑ کمائی جس کے بعد وہ ارب پتی گلوکارہ بن گئیں۔


رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹیلر سوئفٹ کے 5 گھر ہیں جن کی مالیت 11 کروڑ ڈالرز ہے جبکہ وہ صرف ایک میوزک کانسرٹ میں پرفارم کرنے کے لیے تقریباََ 1 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تک کا معاوضہ لیتی ہیں۔


ٹیلر سوئفٹ نے اپنے میوزک کانسرٹ کے ٹکٹوں کی فروخت سے 37 کروڑ ڈالرز کمائے جبکہ گلوکارہ کے گانوں کے ذریعے 40 کروڑ ڈالرز کی کمائی ہوئی۔



رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹیلر سوئفٹ نے مختلف اسٹریمنگ سروسز کے ذریعے 12 کروڑ ڈالرز کی آمدنی کی۔


مزید پڑھیں: ٹیلر سوئفٹ نے 50 ٹرک ڈرائیورز کو 5 ملین ڈالرز کا بڑا بونس دے ڈالا


واضح رہے کہ کچھ ماہ قبل ٹیلر سوئفٹ نے امریکا میں میوزک ٹور کے دوران اپنے سامان کی ایک جگہ سے دوسری جگہ باحفاظت منتقلی پر 50 ٹرک ڈرائیورز کو 5 ملین ڈالرز کا بونس دیا تھا۔


غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گلوکارہ نے اپنے اس ملک گیر کنسرٹس سے 1 بلین ڈالرز سے زیادہ کا بزنس کیا تھا یہی وجہ تھی کہ انہوں نے کمائی ہوئی رقم دل کھول کر اپنی ٹیم میں بھی تقسیم کی۔

ٹیلر نے ٹرک ڈرائیورز کو بونس دینے کے علاوہ اپنے بینڈ کے اراکین، ڈانسرز، لائٹنگ اور ساؤنڈ ٹیکنیشنز اور دیگر عملے کو بھی کام کے معاوضے کے علاوہ بونس دیا تھا۔
Load Next Story