اسرائیل کی القدس اسپتال اور مسافربس پر بمباری مجموعی شہادتیں 8 ہزار ہوگئیں

23 روز سے جاری اسرائیلی بمباری میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرگئی

23 روز سے جاری اسرائیلی بمباری میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کرگئی ؛ فوٹو: فائل

اسرائیل نے غزہ میں القدس اسپتال کو خالی کرنے کی دھمکی دینے کے چند گھنٹوں بعد ہی اس کے آس پاس کے علاقے پر بمباری کرکے کئی عمارتوں کو کھنڈر بنادیا جب کہ ایک مسافر بس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی بمباری میں القدس اسپتال کا ایک حصہ گرگیا جب کہ آس پاس کی کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ گزشتہ 23 روز کے دوران اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 5 ہوگئی جب کہ 20 ہزار کے قریب زخمی ہیں۔



حماس کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کے جنوبی علاقے میں مسافر بس پر بمباری کی جس میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے۔

تاہم حماس نے اسرائیلی حملے میں جان کی بازی ہارنے والے بس مسافروں کی تعداد نہیں بتائی۔ اس حملے کے جواب میں حماس کی القسام بریگیڈز نے بھی اسرائیل پر حملے کیے۔


حماس نے اسرائیل کے ایٹمی تنصیبات والے شہر پر راکٹس حملے کا بھی دعویٰ کیا۔ راکٹس ایٹمی تنصیبات کے قریب گرے۔ اس حملے میں کسی جانی نقصان کی تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

Load Next Story