حکومت نے الیکشن میں پنکچر لگانے والے کو چیرمین پی سی بی بنا ڈالا عمران خان
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک شفاف الیکشن نہیں ہوتے اس وقت تک عوام کی قسمت تبدیل نہیں کی جاسکتی تحریک انصاف دھاندلی کے خلاف کھڑی رہے گی۔
نارووال میں جلسے سے خطاب کرتے عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں 1970 کے انتخابات کے سوا تمام الیکشنز میں دھاندلی کی گئی اور 11مئی کو ہونے والے انتخابات میں تو تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی ،لاہور کے جس حلقے سے میں انتخاب لڑرہا تھا اس کے صرف 6 پولنگ اسٹیشنوں کے رزلٹ نکلوائے گئے تواس میں 7 تھیلے ایسے نکلے جس میں جعلی ووٹ بھگتائے گئےتھے جسے الیکشن ٹربیونل نے خود تسلیم بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان سمجھ لیں جب تک شفاف الیکشن نہیں ہوں گے تب تک نوجوانوں کا مستقبل بہتر نہیں ہوسکتا، اگر ملک میں خوشحالی آنی ہے اور بے روزگاری و مہنگائی کا خاتمہ کرنا ہے تو شفاف انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے۔
چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اگرحکومت عوام کے ووٹ سے نہ آئے تو ایسی حکومت عوام کی خدمت نہیں کرتی بلکہ ان لوگوں کی مدد کرتی ہے جنہوں نے انہیں کامیاب کرانے کے لئے دھاندلی میں مدد کی ہو اور انہی لوگوں کو چیرمین پی سی بی لگایا جاتا ہے جنہوں نے پنکچر لگائے ہوں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے 2008 میں 68 لاکھ اور 11 مئی کے انتخابات میں ڈیڑھ کروڑ ووٹ حاصل کئے آخر(ن)لیگ نے ایسا کیا کارنامہ انجام دیا جس پر انہیں دو گنا ووٹ ملے۔
عمران خان نے کہا کہ ملک میں گردشی قرضوں کی رقم 500 ارب روپے ان لوگوں کو ادا کی گئی جنہوں نے(ن)لیگ کے الیکشن پر پیسے لگائے تھے اگر اسی طرح حکومت چلائی جاتی رہی تو نوجوانوں کا مستقبل تاریکی کے سوا کچھ نہیں۔