کرپشن و توشہ خانہ تحقیقات کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع

بشریٰ بی بی کی ابھی تک گرفتاری مطلوب نہیں ہے، نیب کے تفتیشی افسران نے عدالت میں تحریری بیان جمع کروادیا

(فوٹو: فائل)

احتساب عدالت نے کرپشن اور توشہ خانہ تحقیقات کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

190 ملین پاؤنڈ کرپشن اور توشہ خانہ نیب تحقیقات کے کیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ اس موقع پر سابق خاتون اول بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ہوئیں۔

دوران سماعت وکیل نے بتایا کہ عدالت یہ درخواست نمٹا دیتی ہے تو نیب پھر طلب کرلیتی ہے، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ایک ہی گراؤنڈ پر یہ تیسری بار درخواست دائر کررہے ہیں۔ تفتیشی افسر بتا چکے ہیں کہ ابھی وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے۔ نہ ہی ابھی تک گرفتار کرنا چاہتے ہیں۔ یہ درخواست قابل سماعت ہی نہیں ہے۔


وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ مریم نواز کیس میں لاہور ہائی کورٹ ہدایت دے چکی ہے کہ گرفتاری سے پہلے آگاہ کیا جائے۔ ایک طرف نیب نواز شریف کے کیس میں بغیر نوٹس کے پیش ہوجاتا ہے۔ ایک طرف نو مئی کو نیب چیئرمین پی ٹی آئی کو اغوا کرلیتا ہے، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ وہ اغوا نہیں، گرفتاری تھی۔

نیب کے تفتیشی افسران نے عدالت میں تحریری بیان جمع کروایا جس میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کی ابھی تک گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔

بعد ازاں عدالت نے دلائل طلب کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 15 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
Load Next Story