نواز شریف کا دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقات کا فیصلہ

نواز شریف ملک کے چاروں صوبوں کا دورہ کریں گے، سیاستدان اپنے مسائل کا حل خود نکال سکتے ہیں، احسن اقبال

فوٹو فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقات کرنے اور ملکی مسائل کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی معاشی اور سیاسی صورت حال اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

لیگی رہنما احسن اقبال نے اجلاس کے بعد بتایا کہ ن لیگ ملک میں مضبوط معیشت اور جمہوریت دیکھا چاہتی ہے، نواز شریف دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقات کریں گے، سیاست دان اپنے اور ملک کے مسائل کا حل خود ہی نکال سکتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو معاشی گرداب سے نکالنے کیلئے مستحکم حکومت ضروری ہے، ماضی میں جس طرح نواز شریف نے چلینجز سے نجات دلائی ویسے ہی اب وہ پاکستان کو مسائل کے دلدل سے نکالیں گے۔

مسلم لیگ ن کے اجلاس میں غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت اور فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت بھی کی گئی۔

احسن اقبال نے بتایا کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی ہے جو آئندہ عام انتخابات کیلیے منشور تیار کرے گی جبکہ ن لیگ جلد امیدواروں سے درخواستیں بھی طلب کرے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ نواز شریف ملک کے چاروں صوبوں کا دورہ کریں گے۔
Load Next Story