منفی پروپیگنڈہ کرنیوالے کامیابیوں سے جلتے ہیں عدنان صدیقی

ہمیشہ حقیقت سے قریب تر اداکاری کرنے کی کوشش کی، فلم یلغار میں اہم کردار کررہا ہوں، عدنان صدیقی

ہمیشہ حقیقت سے قریب تر اداکاری کرنے کی کوشش کی، فلم یلغار میں اہم کردار کررہا ہوں، عدنان صدیقی فوٹو : فائل

اداکارعدنان صدیقی نے کہا ہے کہ پرائیویٹ پروڈکشنز کے بینرتلے بنائے جانے والے ڈراموں میں منفرداوراچھوتے کردار کررہا ہوں لیکن میری کامیابیوں سے جلنے والے منفی پراپیگنڈہ کرنے میں پیچھے نہیں رہتے۔


میگا بجٹ سیریلز کے ساتھ پاکستان میں بننے والی مہنگی ترین فلم'' یلغار ''میں بھی اہم کردار نبھا رہا ہوں، جوفلم بینوں کی توجہ کامرکز بنے گا۔ ان خیالات کا اظہارعدنان صدیقی نے ''ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں اتنے برس گزر جانے کے بعد بھی بہتر کام کی بدولت ناظرین میرے کام کو پسند کرتے ہیں اور اسی لیے پرائیویٹ پروڈکشنز کے پروڈیوسر اور نجی چینلز میرے ڈراموں کو بڑے شوق سے بناتے اور دکھاتے ہیں لیکن میری کامیابیوں سے جلنے والے بلاوجہ منفی پراپیگنڈہ کرتے رہتے ہیں۔

کسی کومیری عمر کی فکر رہتی ہے توکسی کونوجوان ہیروئنوں کے ساتھ مجھے کاسٹ کرنے پراعتراض ہوجاتا ہے، لیکن مجھے ان سب باتوںسے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میں اپنا کام بڑی ایمانداری اورلگن کے ساتھ کرتاہوں۔ میری ہمیشہ سے یہ کوشش رہتی ہے کہ میں اپنی اداکاری کوحقیقت کے قریب تر کروں اور یہی وجہ ہے کہ ملک اور بیرون ملک میرے چاہنے والوں کی بڑی تعداد بستی ہے اور وہ میرے کام کو پسند کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں عدنان صدیقی نے بتایاکہ فلمساز ڈاکٹر رانا حسن کی بطورڈائریکٹر فلم ''یلغار''میں آرمی آفیسرکا اہم کردار ادا کررہا ہوں، مجھے امید ہے کہ فلم بین میری اس کاوش کو بہت سراہیں گے۔
Load Next Story