بند گودام میں کھڑی نادرا وین میں غیرملکیوں کے شناختی کارڈ بنانے کی ویڈیو وائرل

ویڈیو 4 ماہ پرانی ہے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں خواتین کے شناختی کارڈ بنانے گئی تھی، نادرا

غیرملکیوں کے شناختی کارڈ بنانے کا الزام جھوٹا پرو پیگنڈا ہے، نادرا:فوٹو:فائل

نادرا وین کی بند گودام میں غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، نادرا نے وائرل ویڈیو چار ماہ پرانی قرار دے دی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک گودام کے اندر مشکوک طریقے سے شناختی کارڈ بنائے جارہے ہیں۔ویڈیو میں پولیس اہلکار نادرا ملازم سے پوچھ رہا ہے کہ اندر کیا ہورہا ہے جس پر نادرا کے ملازم نے جواب دیا کہ ایم این اے نے یہاں شناختی کارڈ بنانے کے لیے وین بھیجی ہے۔

مذکورہ معاملے پرنادراحکام کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی نادرا موبائل رجسٹریشن وین کی وڈیوچار ماہ پرانی ہے جس میں مورخہ 20 جولائی 2023 کو مقامی لوگوں کی درخواست پرکراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں واقع اتحاد ٹاؤن کے خیبرچوک کے نزدیک ایک عمارت میں کھڑی نادرا موبائل رجسٹریشن وین کو دکھایا گیا ہے۔

ترجمان نادرا نے بتایا کہ حقیقت میں یہ دوپہرکا وقت تھا،خراب موسم کے پیش نظر اس گاڑی کو نزدیکی عمارت میں پارک کیا گیا،اس موقع پر 6 افراد کے شناختی کارڈ کی تجدید کی کارروائی مکمل کی گئی،جس میں مرد اورخواتین دونوں شامل تھے۔

اس دوران گشت پر موجود پولیس عملہ وہاں پہنچ گیا اورانہوں نے نادرا عملے سےگاڑی کی موجودگی کا سبب دریافت کیا۔ نادراعملے کے تسلی بخش جواب کے بعد پولیس اہلکا وہاں سے چلے گئے۔

نادرا کے وضاحتی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نادرا کی موبائل رجسٹریشن وین میں جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم موجود ہوتے ہیں جن کے ذریعے ان کی لوکیشن سے متعلق تمام معلومات مل جاتی ہیں،جن کی روشنی میں عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ نادرا ایک قومی ادارے کی حیثیت سے غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کا انخلاء یقینی بنانے کے لیے دیگر حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر اپنے قومی فرائض بھرپور طریقے سے ادا کر رہا ہے،تاہم بعض شرپسند عناصر حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی مہم کے خلاف پروپیگنڈہ سرگرمیوں میں مصروف ہیں،جو پاکستان کے قومی مفاد کے منافی ہےاورمذکورہ وڈیو بھی اسی مذموم پروپیگنڈہ کی ایک مثال ہے۔


دریں اثنا نادراوین کے گودام میں شناختی کارڈ بنانے کی ویڈیو پر نادرا نے انچارج رجسٹریشن وین ندیم شاہ کا بیان بھی جاری کیا جن کا کہنا ہے کہ افغانیوں کے شناختی کارڈ بنانے کا الزام جھوٹ اور پروپیگنڈا ہے۔
Load Next Story